ٹوکیو: بدھ کی خبروں کے مطابق، سونی اپنا ذاتی کمپیوٹروں کا کاروبار ایک جاپانی انویسٹمنٹ فنڈ کو فروخت کرنے کے لیے بات چیت کے مراحل میں ہے۔ یہ اقدام الیکٹرونکس دیو کی وسیع تر تنظیمِ نو کا حصہ ہے۔
چوٹی کے اخبار نیکےئی بزنس ڈیلی نے کہا کہ سونی اپنا مذکورہ شعبہ 40 سے 50 ارب ین کے عوض جاپان انڈسٹریل پارٹنرز کو فروخت کرنے کا متمنی ہے۔
نیکےئی اور دیگر مقامی ذرائع ابلاغ نے مزید تفصیلات فراہم کیں جن کے مطابق مذکورہ فنڈ ایک نئی کمپنی قائم کرے گا جو وائیو برانڈ تلے پی سی اور لیپ ٹاپ کی فروخت جاری رکھے گی۔ سونی بھی اس کمپنی میں کچھ حصے کا مالک ہو گا۔
یہ اطلاعات آنے سے قبل سرکاری نشر کار این ایچ کے نے ویک اینڈ پر کہا تھا کہ سونی اپنے سمندر پار پی سی کاروبار کے لیے چینی کمپیوٹر دیو لینووو کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ نشر کار کے مطابق، سونی جوائنٹ وینچر قائم کرنا چاہتا تھا۔
خبروں میں مزید بتایا گیا تھا کہ سونی وطن میں واقع اپنے مقامی کاروباری کے لیے ایک انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ الگ سے معاہدہ کر رہا ہے۔ سونی جمعرات کو اپنے تازہ ترین مالیاتی گوشواروں کے نتائج سے آگاہ کرنے جا رہا ہے۔ اس نے این ایچ کے کی خبر کو “غیر درست” قرار دیا۔