رچمنڈ، ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا نے جمعرات کو ایک بل کی منظوری دی۔ بل کے مطابق اسکول کی نئی نصابی کتب میں بحیرہ جاپان کا ذکر آنے پر اس میں کوریائی نام “مشرقی سمندر” کا ذکر بھی لازماً کیا جائے گا۔ یہ بل پاس ہونے سے مذکورہ اقدام کے لیے حائل تمام قانونی رکاوٹیں ختم ہو گئی ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں امریکی اتحادی –جاپان اور جنوبی کوریا– یہ تبدیلی روکنے/ شامل کروانے کے لیے بھرپور مہم چلاتے رہے ہیں۔
ایوان نے 15 کے مقابلے میں 81 ووٹوں سے ورجینیا میں 82,000 کے قریب کوریائی نژاد امریکیوں اور جنوبی کوریائی حکومت کو فتح تھما دی۔
اس دو سطری بل میں شرط لگائی گئی ہے کہ “تعلیمی بورڈ سے منظور شدہ تمام نصابی کتب بحیرہ جاپان کا ذکر کرتے وقت یہ بھی بتائیں گی کہ اسے مشرقی سمندر بھی کہا جاتا ہے”۔
جمعرات کی رائے شماری سے قبل نہ صرف کوریائی نژاد امریکیوں بلکہ جنوبی کوریا اور جاپان کی حکومتوں نے بھی اس سمندر کے نام پر شدید لابنگ کی تھی۔ یہ سمندر جاپان اور کوریا کو جدا کرتا ہے۔