واشنگٹن (اے ایف پی): امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے جمعے کو عہد کیا کہ امریکہ حملے کی صورت میں جاپان کا دفاع کرے گا۔ اس میں وہ جزائر بھی شامل ہیں جن پر چین دعویٰ کرتا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ایشیائی طاقتوں میں تناؤ بڑھ رہا ہے۔
کیری نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے چین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے واشنگٹن میں جاپانی وزیرِ خارجہ فومیو کیشیدا سے ملاقات کی اور 1960 کے معاہدے بارے یقین دہانی کرائی۔ اس معاہدے کے مطابق امریکہ اپنے اتحادی کے دفاع کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا، “اس میں جنوبی بحرِ چین بھی شامل ہے”۔ لیکن بعد میں انہوں نے تصحیح کر کے مشرقی بحرِ چین کہا جہاں چین اور جاپان کے درمیان جزائر کا تنازعہ چل رہا ہے۔
کیری نے کہا، “امریکہ نا تو مشرقی بحرِ چین پر چین کی اعلان شدہ فضائی دفاعی حد بندی کو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی اس علاقے میں اپنے آپریشنز کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے”۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی فکرمندی بڑھ رہی ہے کہ چین جنوبی بحر چین میں بھی ایسے ہی اقدام کا اعلان کر دے گا۔ اس علاقے میں خصوصاً فلپائن نے بیجنگ کے بحری ملکیت کے دعوؤں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔