ٹوکیو: جاپان اور امریکہ نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت جرائم کی تفتیش میں مدد کے لیے ایک دوسرے کو نشاناتِ انگشت کی ڈیٹابیسوں تک آنلائن رسائی مہیا کی جائے گی۔
ٹی وی آساہی نے ہفتے کو خبر دی، اس معاہدے پر پچھلے برس دونوں ممالک میں مذاکرات ہوئے تھے۔ اس پر ٹوکیو میں جاپان کے نیشنل پبلک سیفٹی کمیشن کے چئیرمین اور امریکی سفیر کیرولین کینیڈی نے دستخط کیے۔
اشتراک شدہ نشاناتِ انگشت کی ڈیٹا بیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس کے ذریعے مقامی و بین الاقوامی ہر دو سطح پر دہشت گردی، فوجداری اور دیگر خطرات کے تدارک میں مدد لی جائے گی۔
این پی اے اور جاپان میں دیگر تفتیشی اداروں کو امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی سے ایسے ہی امریکی ڈیٹا تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
اس بندوبست کے تحت تمام ڈیٹا حقیقی وقت میں دستیاب ہو گا۔ اس میں پچھلے کچھ برسوں کے دوران گرفتار شدہ افراد یا جن پر مجرمانہ سرگرمیوں کا شبہ ہو، ایسے تمام اشخاص کے نشاناتِ انگشت کا جمع کردہ ڈیٹا شامل ہو گا۔
اہلکاروں نے کہا، امریکہ اور جاپان پہلے ہی کاغذی فارم پر تحریری درخواست کے ذریعے ایک دوسرے کو فائلوں تک رسائی مہیا کرتے ہیں۔ تاہم، امید ہے کہ نیا نظام اس عمل کو تیز کر دے گا۔