ٹوکیو: اتوار کی اطلاعات کے مطابق، ٹوکیو اور جاپان کے دیگر حصوں میں کئی عشروں کی شدید ترین برفباری ہوئی۔ جس سے ملک بھر میں کم از کم 11 لوگ ہلاک اور 1250 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق، ہفتے کو رات گئے تک ٹوکیو میں 27 سینٹی میٹر تک کی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ یہ 45 برسوں میں دارالحکومت کی شدید ترین برفباری ہے۔
یہ طوفان گورنری انتخابات کے دن ٹوکیو سے ٹکرایا۔
ہفتے کو ہوا کا کم دباؤ بحر الکاہل کے ساحل کے ساتھ آگے بڑھ گیا۔ جس کی وجہ سے سیندائی کے شمال مشرقی شہر میں 35 سینٹی میٹر برفباری ہوئی، جو 78 برسوں کی شدید ترین برفباری ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے کہا کہ برفباری سے ہونے والے حادثات میں 11 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ زیادہ تر حادثات منجمد سڑکوں پر کاریں پھسلنے کی وجہ سے تصادم کے باعث ہوئے۔
اتوار کو علی الصبح 20,000 سے زیادہ گھرانے بجلی سے محروم تھے۔ جبکہ ہوائی کمپنیوں نے 400 سے زیادہ مقامی پروازیں منسوخ کر دیں۔ ایک دن قبل بھی 740 سے زیادہ پروازیں اتار لی گئی تھیں۔
این ایچ کے نے کہا، قریباً 5000 لوگ ہفتے کو ناریتا کے ہوائی اڈے پر پھنسے رہے۔ چونکہ ہوائی اڈے کو دارالحکومت سے ملانے والی ٹریفک درہم برہم تھی۔