ولنگٹن: نیوزی لینڈ نے پیر کو ٹوکیو کے سفیر کو طلب کر کے اپنے خصوصی اقتصادی علاقے میں جاپانی وہیلنگ جہاز کے داخلے پر احتجاج کیا۔ اس طرح مذکورہ واقعے پر سفارتی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔
وزیر خارجہ مرے مک کَلے نے کہا کہ اہلکاروں نے جاپانی سفیر یاسوآکا نوگاوا کو طلب کر کے پچھلے جمعے کی در اندازی پر “شدید مایوسی” کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا، “بحر جنوبی میں جاپانی وہیل شکار کے لیے نیوزی لینڈ کی شدید مخالفت کو ہر کوئی جانتا ہے۔ اور مزید اقدام اٹھایا جا سکتا ہے”۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ جہاز نیوزی لینڈ کے علاقائی پانیوں میں داخل نہیں ہوا تھا جو ساحل سے 12 بحری میل تک پھیلے ہوئے ہیں۔ تاہم اس نے خصوصی اقتصادی علاقے کی حدود کی خلاف ورزی ضرور کی۔ یہ علاقہ ساحل سے 12 تا 200 بحری میل پر پھیلا ہوا ہے۔
پیر کو ہی قبل ازیں مک کَلے نے کہا تھا کہ ابھی اس بات کی وضاحت باقی ہے کہ خلاف ورزی جاپانی وزارتِ خارجہ کی آشیرباد کے ساتھ ہوئی۔ یا ماہی گیر ایجنسی “خارجہ پالیسی کے مضمرات کا مناسب خیال کیے بغیر ہی اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے”۔