ٹوکیو: ذرائع ابلاغ اور اہلکاروں نے پیر کو کہا، جاپان بھر پر نازل ہونے والے ایک شدید برفانی طوفان میں 19 لوگ ہلاک اور 1600 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ شدید موسمی حالات کی وجہ سے سفری ذرائع میں بھی وسیع پیمانے پر ابتری پیدا ہوئی۔
وسیع تر فروخت کے حامل اخبار یومیوری شمبن نے کہا، ریکارڈ توڑ طوفان کے بعد برفباری سے متعلقہ حادثات میں 19 لوگ ہلاک ہو گئے۔ طوفان اب ہوکائیدو کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یومیوری کے مطابق، 6900 سے زیادہ لوگ چھوٹی آبادیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں اور ریلوے لائنیں بند ہیں۔ ناقابلِ عبور سڑکوں کی وجہ سے کچھ پٹرول اسٹیشنوں پر پٹرول کی فراہمی میں بھی تاخیر ہوئی۔
یومیوری اور سرکاری ٹیلی وژن این ایچ کے نے مزید خبر دی کہ ٹوکیو کے مغرب میں واقع صوبہ یاماناشی میں تازہ خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ وزیرِ اعظم شینزو آبے نے مشکلات زدہ علاقے میں ایک سرکاری ٹیم بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔
قومی روٹ نمبر 18 جو ٹوکیو کے شمال میں گونما اور ناگانو کے صوبوں سے گزرتا ہے، اب بھی جزوی طور پر بند ہے۔ سخت برفباری کی وجہ سے کاریں کئی کلومیٹر تک پھنسی ہوئی ہیں۔