ڈینپاسار: اہلکاروں نے کہا ہے کہ پانچ جاپانی اسکوبا غوطہ خور خواتین پیر کو زندہ مل گئیں۔ وہ تین دن پہلے انڈونیشیا کے تفریحی جزیرے بالی کے قریب گم ہوئی تھیں۔ مذکورہ خواتین کو طوفانی سمندر میں ایک کورل چٹان سے چمٹے ہوئے پایا گیا۔
ماہی گیروں نے جمعے کو لاپتہ ہونے والی 7 میں سے 5 غوطہ خوروں کو ان کے غوطہ خوری کے مقام سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر پایا۔ تاہم موجیں انتہائی بلند ہونے کی وجہ سے انہیں امداد نہ پہنچا سکے۔
ایک اہلکار نے کہا کہ وہ بالی سے ذرا سا مشرق میں، نوسا پانیڈا جزیرے کے مغربی ساحل کے قریب مانتا پوائنٹ کے قریب دریافت ہوئیں۔
اہلکاروں کے پاس دیگر دو غوطہ خوروں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔
جان چمپ مین ایک برطانوی ہیں اور جس جزیرے سے مذکورہ خواتین لاپتہ ہوئیں وہیں پر ورلڈ ڈائونگ لیمبونگان نامی ادارہ چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت بارش اور طوفانی سمندر ان کے لاپتہ ہونے کی وجوہات ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچانک بھاری بارش نے کچھ حفاظتی لائحہ عمل پورے کرنے ناممکن بنا دئیے چونکہ حدِ نظر کم ہو گئی تھی۔ مثلاً چمکدار رنگوں سے نشان زد بوئی (پانی میں تیرنے والا جسم جو نشانی کے لیے استعمال ہوتا ہے) کو دیکھنا مشکل ہو گیا ہو گا۔