ٹوکیو: برف زدہ بند سڑکوں نے منگل کو ہزاروں لوگوں کے سفری ذرائع مسدود کیے رکھے۔ اور جاپان کے کئی حصے ایک ہفتے میں آئے دوسرے طوفان سے باہر نکلنے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 23 ہو گئی۔
ویلنٹائن ڈے پر آئے طوفان نے وسطی جاپان کے حصوں میں ایک میٹر سے زیادہ برف پھینکی اور مسلسل دوسرے ویک اینڈ پر دارالحکومت کو برف کی ریکارڈ توڑ چادر تلے ملفوف کر دیا۔ کچھ علاقوں میں ٹرین خدمات معطل تھیں، فضائی ٹریفک زمین پر تھی اور کچھ جاپانی کار ساز اداروں کی پیداواری صلاحیت بھی سست پڑ گئی۔
اس غیر معمولی طوفان نے وسطی جاپان میں صوبہ یاماناشی پر 1.1 میٹر سے زیادہ برف پھینکی۔ یہ مقدار ایک صدی سے زائد کے اندراجات میں سب سے زیادہ ہے۔ جبکہ ملک کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی کم تر مقداروں میں برفباری ہوئی۔