ٹوکیو: جاپانی حکومت نے جمعے کو کہا کہ ایک ڈریم لائنر جیٹ کی بیٹری کا درجہ حرارت 660 درجے سیلسئس (1220 فارن ہائٹ) تک پہنچ گیا۔ اس جیٹ طیارے سے دھواں نکلنے اور بیٹری گرم ہونے کا واقعہ پچھلے ماہ رونما ہوا تھا۔
یہ عدد وزارتِ ٹرانسپورٹ کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں سامنے آیا۔ قبل ازیں جاپان ائیر لائنز (جے اے ایل) نے ٹوکیو کے ہانیدا ہوائی اڈے پر دیکھ بھال کے دوران کاک پٹ ونڈو سے دھواں نظر آنے پر اپنا یہ جہاز گراؤنڈ کر دیا تھا۔
یہ مسئلہ ڈریم لائنر نسل کے طیاروں کو لاحق مسائل کی تازہ ترین کڑی ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے برس یہ طیارے انہیں بیٹریوں کے مسئلے کی وجہ سے کئی ماہ تک پوری دنیا میں گراؤنڈ رہے تھے۔
وزارت کی جاری کردہ ایک تصویر سے پتا چلا کہ کچھ سیاہی مائل برق پاشیدہ بیٹری کے حفاظتی سوراخوں میں سے باہر نکل رہا ہے۔
ایک اہلکار نے کہا، “ہمارا تخمینہ ہے کہ اندرونی سیل کا درجہ حرارت ممکنہ طور پر 660 درجے سیلسئس تک پہنچ گیا تھا چونکہ ایلومینیم کا برقیرہ پگھل گیا”۔