ٹوکیو: جنوبی کوریا کے زیرِ کنٹرول ٹاپوؤں پر جاپانی دعوی کرنے کے لیے ہفتے کو ایک سالانہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس سے دونوں پڑوسیوں کے درمیان دیرینہ علاقائی تنازعے کو مزید ہوا ملی۔
قریباً 500 لوگ مغربی جاپان میں صوبہ شیمانے میں ایک تقریب کے موقع پر جمع ہوئے۔ منتظمین نے کہا، ان میں اعلی سطحی جاپانی سرکاری اہلکاروں کے ساتھ ساتھ قومی اور مقامی سیاستدان بھی شامل تھے۔
ٹوکیو بحرِ جاپان (جسے جنوبیِ کوریا میں مشرقی سمندر کہا جاتا ہے) میں واقع ان جزائر کو تاکے شیما کہتا ہے، جبکہ جنوبی کوریا انہیں ڈوکڈو کے نام سے پکارتا ہے۔ شیمانے کی صوبائی حکومت دعوی کرتی ہے کہ یہ جزائر اس کے دائرہ اثر میں آتے ہیں۔
دوسری طرف سئیول میں مختلف گروہوں سے تعلق رکھنے والے 200 جنوبی کوریائیوں نے باری باری جاپانی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔ وہ نعرے لگا رہے تھے اور بینر لہرا رہے تھے۔