ٹوکیو: وزارتِ زراعت نے کسانوں کے لیے ہنگامی امدادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس میں وہ کسان شامل ہیں جن کی پیداوار کو حالیہ سخت برفباری سے نقصان پہنچا۔
پچھلے ویک اینڈ پر وزارتی اہلکاروں نے ناگانو اور یاماناشی کے صوبوں میں باغات اور کھیتوں کا دورہ کر کے نقصان کا بذاتِ خود معائنہ کیا تھا۔ سخت برفباری کی وجہ سے بہت سے گرین ہاؤس گر گئے اور پھلدار درختوں کی شاخیں ٹوٹ گئیں۔
ٹی بی ایس نے منگل کو خبر دی کہ یاماناشی میں انگوروں اور ناشپاتیوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 7.1 ارب ین تھا۔
وزارت نے کہا کہ وہ گرین ہاؤسوں کی دوبارہ تعمیر کے لیے 30 فیصد خرچہ ادا کرے گی۔ اور بحالی کے لیے کسانوں کو درکار روپیہ پانچ برس کے لیے بلا سود قرض کی شکل میں فراہم کرے گی۔ ٹی بی ایس کے مطابق، حکومت 200,000 ین فی 1000 مربع میٹر کی شرح سے دوبارہ درخت لگانے پر بھی سبسڈی دے گی۔
دریں اثناء، موسمیاتی ایجنسی نے ایوا لانچ کا انتباہ جاری کیا ہے۔ اس نے کہا کہ جمعرات اور جمعے کو درجہ ہائے حرارت 15 سے 17 درجے تک پہنچنے کی توقع ہے جس سے کچھ علاقوں میں برف پگھل جائے گی۔