بیجنگ: سرکاری میڈیا نے بدھ کو خبر دی کہ چین دوسری جنگِ عظیم میں جاپانی شکست اور نانجِنگ قتلِ عام کی یاد میں باضابطہ طور پر قومی دن مقرر کرنے پر غور کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک میں علاقے اور تاریخی معاملات پر تلخ تنازعات موجود ہیں۔
نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) 3 ستمبر کو “جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی تحریکِ مزاحمت کی فتح کا دن” مقرر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا نے قانون ساز ادارے کے حوالے سے بتائی۔
زنہوا نے کہا، قانون ساز اب غور کر رہے ہیں کہ 13 دسمبر کو “1930 کے عشرے میں جاپانی جارحین کے ہاتھوں نانجِنگ قتلِ عام میں مرنے والوں کی یاد منانے کا دن” مقرر کیا جائے۔
ماضی میں چینی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، چین روایتی طور پر اس سے اگلے دن جاپانی شکست کی یاد میں دن مناتا رہا ہے۔
جاپان نے 1930 کے عشرے میں چین پر چڑھائی کی تھی اور دونوں ممالک نے 1937 تا 1945 کے دورانیے میں بھرپور جنگ لڑی۔
شکست کے بعد جاپان پر اتحادیوں نے قبضہ کر لیا تھا اور وہ ایک پرجوش لبرل جمہوریہ بن کر سامنے آیا۔ جاپان ایشیا میں اپنے زمانہ جنگ کے برتاؤ پر معذرت نامے بھی جاری کر چکا ہے۔