زوشی: زوشی، صوبہ کاناگاوا کی میونسپل اسمبلی نے ایک قرارداد پاس کی ہے۔ اس کی بدولت شہر کے اکلوتے ساحل پر اونچی آواز میں موسیقی چلانے اور الکوحل پر پابندی عائد ہو گی۔ نمایاں ٹیٹوز والے کسی فرد کو بھی داخلے سے منع کیا جائے گا۔
یہ قرارداد بدھ کو پاس کی گئی۔ یہ عوامی ساحل پر سرکش رویے کے کئی ایک مظاہروں کے بعد جمع کروائی گئی تھی۔ ایک سرکاری اہلکار موساشی کوئیزومی نے کہا کہ ان واقعات کی وجہ سے یہ علاقہ “نائٹ کلب” میں بدل گیا تھا۔
پچھلے گرما میں یہاں نام نہاد “اومی نو ائے” (ساحلی جھونپڑیوں) کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ ساحل پر جانے والے انہیں استعمال کرتے اور یہاں اونچی آواز میں موسیقی چلانے کے ساتھ ساتھ بے لگام پارٹیاں منعقد کرتے۔
اس قرارداد میں ساحلی جھونپڑیوں کے باہر شراب پینے اور بار بی کیو کرنے پر پابندی، ٹیٹوز دکھانے کی ممانعت، اور ساحل یا ساحلی جھونپڑیوں میں اونچی آواز میں موسیقی چلانے پر پابندی شامل ہے۔ ساحلی جھونپڑیاں 6:30 بجے بند ہو جانی چاہئیں۔