ٹوکیو: ایک جاپانی آئی فون صارف بیرونِ ملک چوروں کا نشانہ بن گیا۔ اس کے بعد جب وہ گھر واپس آیا تو اس کے سیل فون کیرئیر کی جانب سے قریباً ایک ملین ین (9800 ڈالر) کا بھاری بھرکم بل اس کا منتظر تھا۔
ایپل کا یہ بدقسمت صارف ٹوئٹر پر امومو کے نام سے معروف ہے۔ اس کا فون 29 دسمبر کو بارسلونا کے سب وے میں جیب سے نکال لیا گیا۔ یہ شاید اسپین میں اس کی آخری رات تھی۔ چونکہ اگلے دن اس نے کسی کا فون ادھار مانگ کر ضروری کالیں کیں اور کاسا بلانکا میں قیام کے دوران اپنی سروس بند کروا دی۔
فون چوری ہونے اور سروس بند کروانے میں 15 گھنٹے کے وقت میں ہی چور نے اتنی کالیں کر لیں کہ ایک ملین ین کا بل بن گیا۔ لیکن امومو کہتا ہے اگر چور مسلسل 15 گھنٹے تک ہی بھی کال کرتا رہتا تو بھی زیادہ سے زیادہ بل 238,500 ین بننا تھا۔ اس کے خیال میں اتنے زیادہ بل کی کوئی اور وجہ ہے۔
اپنے معاہدے کے مطابق وہ فون چوری ہو یا نہ ہو، ہر صورت میں بل جمع کروانے کا پابند ہے۔ لیکن وہ اب بھی سافٹ بینک کو اتنی بڑی رقم ادا کیے بغیر ہی اس مسئلے کا حل نکالنے کا متمنی ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ نئی بہترین نسل کی موٹر سائیکل کے برابر رقم نہ ہی ادا کرنی پڑے۔ لیکن ساتھ ہی اسے افسوس بھی ہے کہ اس نے سروس بند کروانے میں اتنی سستی کیوں دکھائی۔