ٹوکیو: جاپان میں ایک ننھا سا کان میں لگنے والا کمپیوٹر آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔ اس کمپیوٹر کو آنکھ چھپکنے یا زبان ہلا کر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
اس 17 گرام کے وائرلیس آلے میں بلوٹوتھ کی صلاحیت موجود ہے۔ اس کے علاوہ یہ جی پی ایس، قطب نما، گردش نما حساسیہ، بیٹری، باد پیما، اسپیکر اور مائیکروفون سے لیس ہے۔
ہیروشیما سٹی یونیورسٹی کے انجینئر کازوہیرو تانیگوچی نے کہا، فی الحال اس آلے کو “کان میں لگنے والا پہننے کے قابل پی سی” کہا جا رہا ہے۔ اس میں ایک مائیکرو چپ اور ڈیٹا ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ اس طرح صارفین اس پر سافٹویر بھی لوڈ کر سکتے ہیں۔
یہ آلہ زیریں سرخ حساسیے استعمال کرتے ہوئے کان کے اندر ننھی ننھی حرکات کی نگرانی کرتا ہے۔ کانوں اور منہ کو ہلانے سے کانوں کے اندر مختلف قسم کی حرکات پیدا ہوتی ہیں۔
یہ ائیر پیس آلہ سماعت کے طور پر بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ جبکہ یہ پہننے والے کی صحت کی نگرانی بھی کر سکتا ہے۔ یہ دل کی دھڑکن اور جسم کا درجہ حرارت ماپنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ صارف کے کھانے پینے اور چھینکنے کا ریکارڈ بھی رکھتا ہے اور اس طرح بیماری سے قبل خبردار بھی کر سکتا ہے۔