جاپانی وہیل شکاریوں نے ہمارے جہازوں پر حملہ کیا، سی شیفرڈ کا دعویٰ

سڈنی: ماحولیاتی کارکن گروہ سی شیفرڈ نے پیر کو دعویٰ کیا کہ جاپانی وہیلروں نے بحرِ جنوبی میں اس کے جہازوں پر حملہ کیا۔ اس نے آسٹریلوی حکومت پر بھی الزام لگایا کہ اس نے وہیل شکار کے آپریشن کی نگرانی کی “وعدہ خلافی” کی ہے۔

سی شیفرڈ نے کہا کہ جاپانی ہارپون بردار جہازوں یوشِن مارو اور یوشِن مارو 3 نے اتوار کو 11 مرتبہ اس کے جہاز باب بیکر کے سامنے والے حصے کو آہنی تار سے گھیرے میں لینے کی کوشش کی۔ ان کا مقصد پروپیلر اور پتوار کو جام کرنا تھا۔

جاپان کی ماہی گیر ایجنسی نے کہا کہ اس کے جہاز بوئیوں (پانی میں اچھال برقرار رکھنے والا ایک ڈرم نما جسم) کے ہمراہ تاروں کو گھسیٹ رہے تھے تاکہ سی شیفرڈ ان سے دور رہے۔

ایجنسی کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا، “تاریں وہاں پہلے سے ہی تھیں اور وہ (سی شیفرڈ والے) خود ان تاروں کے قریب آئے”۔ اہلکار نے کسی قسم کا نیزہ پھینکنے کے واقعے سے لاعلمی ظاہر کی۔

بحرِ جنوبی کے وہیلوں کے لیے محفوظ علاقے میں وہیلوں کا تجارتی پیمانے پر شکار ممنوع ہے۔ یہ محفوظ علاقہ عالمی وہیلنگ کمیشن نے 1994 میں قائم کیا تھا۔ تاہم جاپان اس معاہدے میں “سائنسی تحقیق” کے ایک سقم کو بنیاد بنا کر ان جانوروں کو پکڑتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.