ٹوکیو: ٹوکیو کی بِٹ کائن ایکسچینج نے کہا کہ وہ فوجداری شکایت درج کروانے پر غور کر رہی ہے۔ یاد رہے اس نے پیر کو ہیکنگ سے ہونے والے نقصانات کو بنیاد بنا کر دیوالیہ ہونے کی درخواست دے دی تھی۔
ایم ٹی گاکس ایکسچینج کی ویب سائٹ پر سی ای او مارک کارپیلس نے ان وقوعات کا خاکہ پیش کیا جو کمپنی کے دیوالیہ پن کی وجہ بنے۔ انہوں نے کہا “بہت زیادہ امکان” موجود ہے کہ بٹ کائنوں کے غیاب کی وجہ چوری تھی۔
کارپیلس نے کہا، “ہم پوری کوشش کریں گے کہ تمام جرائم کی سزا ملے اور نقصانات کا ازالہ ہو”۔
مذکورہ آنلائن ایکسچینج پچھلے ہفتے کے اوائل میں آفلائن چلی گئی تھی اور افواہیں اڑی تھیں کہ وہ دیوالیہ ہو گئی ہے۔ اس سے مجموعی طور پر بِٹ کائن کی پائیداری پر مزید شبہات پیدا ہوئے۔
کارپیلس نے جمعے کو کہا تھا کہ صارفین کے جمع کروائے گئے 750,000 بِٹ کائن اور کمپنی کی ملکیت 100,000 مزید بِٹ کائن غائب ہوئے۔ ان کی قدر بِٹ کائن کی حالیہ قدر کے مطابق قریباً 425 ملین ڈالر (سوا چالیس کروڑ ڈالر) بنتی ہے۔ ایک بٹ کائن کی ڈالر میں شرح مبادلہ آج کل 650 ڈالر کے اریب قریب ہے۔
کارپیلس نے کہا کہ حقیقت کا سراغ لگانے کے لیے لین دین اور سودوں کی بڑی اور متنوع تعداد کو زیرِ تفتیش لانا ہو گا۔