ٹوکیو: دنیا کی معمر ترین خاتون نے بدھ کو ایک جاپانی نرسنگ ہوم میں ایک کیک اور موم بتیوں کے ہمراہ اپنی 116 ویں سالگرہ منائی۔
میساو اوکاوا اوساکا شہر میں کیمونو کے تاجروں کی اولاد میں سے ہے۔ نرسنگ ہوم کے ایک ملازم کے مطابق، اس ہفتے کے آغاز میں قصبے کے مئیر تاکےہیرو اوگورا نے اوکاوا کی سالگرہ سے قبل اس سے ملاقات کی۔
اوکاوا گلابی کیمونو اور سر پر پھولدار کپڑا پہنے ہوئے تھی۔ اسے مئیر کی جانب سے ایک گلدستہ پیش کیا گیا۔ یہ نرسنگ ہوم اوکاوا کے گھر کے نزدیک ہی ہے۔
جب اس برس کی سالگرہ پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو صد سالہ خاتون نے کہا: “یہ خاصا لمبا عرصہ ہے”۔
ملازم نے کہا کہ اسے 116 کے اعداد والی موم بتیوں سے آراستہ ایک کیک دیا گیا۔ اس نے ساتھی رہائشیوں اور اہلخانہ کے ہمراہ اپنا جنم دن منایا۔
پچھلے برس اوکاوا نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ایک سند وصول کی تھی۔ جس میں اس کے دنیا کی معمر ترین خاتون ہونے کے اعزاز کی تصدیق کی گئی۔