ٹوکیو: ٹوکیو کا ایک چڑیا گھر اپنے پانڈوں کو نمائش سے ہٹا رہا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ اس معروف سست الوجود مخلوق کو تماشائیوں کے انتشار سے بچایا جائے اور صحبت کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ بات ایک ترجمان خاتون نے بدھ کو بتائی۔
جمعرات سے شِن شِن اور اس کے نر ری ری کو اوئینو چڑیا گھر پر کچھ تنہائی مہیا کی جائے گی۔ شِن شِن نے نسل خیزی کے لیے آمادگی کے آثار ظاہر کرنا شروع کر دئیے تھے۔
ترجمان خاتون نے کہا، “شِن شِن معمول سے زیادہ حرکت کر رہی ہے اور بھیڑ کی طرح ڈکرا رہی ہے۔ جو کہ نسل خیزی کے سیزن کی نشانی ہے”۔
ترجمان نے کہا، “ان دونوں کی آپس میں اچھی بنتی ہے اور ہم سب کو امید ہے کہ یہ جوڑا ایک صحتمند نیا بچہ پیدا کرے گا”۔
بھرپور عوامی توقعات کے باوجود پچھلے سال کا نسل خیزی کا سیزن ناکام رہا تھا۔
پانڈوں کا قدرتی مسکن چین کے جنوب مغربی پہاڑوں میں ہوتا ہے۔ ان میں شرح پیدائش کم ہوتی ہے اور یہ مسکن چھن جانے جیسے مسائل کا نشانہ بھی بنے ہوئے ہیں۔ (یاد رہے پانڈا کو معدومیت کا شکار نسلوں میں شامل سمجھا جاتا ہے۔)