آک لینڈ، نیوزی لینڈ: نیوزی لینڈ کے ڈاکٹروں نے جمعے کو کہا کہ ایک 7 سالہ جاپانی بچی کو قریباً 100 مرتبہ کاٹا گیا تھا۔ اسے کچھ دن پہلے چار کتوں نے بھنبھوڑ ڈالا تھا۔ اس واقعے نے جنوبی بحر الکاہل کے ملک نیوزی لینڈ میں بہت سے لوگوں کو لرزہ براندام کر دیا۔
زیک موآوینی آک لینڈ کے مڈل مور ہسپتال میں پلاسٹک سرجری اور عضوی مرمت و دوبارہ تعمیر کے ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بچی ساکوراکو اوئےہارا کو بھرپور عورت بننے تک اغلباً کئی مرتبہ سرجریوں کی ضرورت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بچی پورے حملے کے دوران ہوش میں رہی ہو گی اور کاٹنے کے نشان اس کے پورے جسم پر تھے۔
پولیس کے مطابق، بچی پر پیر والے دن اسٹین فورڈ شائر بل ٹیرئیر نسل کے دوغلے کتوں نے حملہ کیا تھا۔ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ نارتھ آئی لینڈ کے قصبے موروپارا میں ایک دوست کے ہاں گئی ہوئی تھی۔ یہ کتے مذکورہ دوست ہی کی ملکیت تھے جنہیں بعد میں مار دیا گیا۔
ایک سماجی کارکن نے بچی کے اہلخانہ کی جانب سے رپورٹروں کو ایک بیان پڑھ کر سنایا۔ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ جاپان میں غذائی صنعت میں کام کرتے تھے اور ساکوراکو ان کی اکلوتی بچی ہے۔ بیان میں کہا گیا، “ہمارے سامنے ایک لمبا سفر پڑا ہے”۔ “براہِ کرم ساکوراکو کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔”