ٹوکیو: جے آر ایسٹ نے ایک اسمارٹ فون ایپ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایپ گاہکوں کو ٹرینوں کی آمد، بوگیوں کا اندرونی درجہ حرارت، حتی کہ کسی ایک وقت میں مسافروں کا رش جاننے کی سہولت بھی دے گی۔
سانکےئی شمبن نے خبر دی کہ “جے آر ایسٹ جاپان ایپ” 10 مارچ کو جاری کی جائے گی۔ اس کے افعال میں ٹرینوں کے مقام کی نشاندہی کرنا، سفری تازہ کاریاں حاصل کرنا اور جے آر کے اعلانات کا حصول شامل ہے۔ اس کے علاوہ ممکنہ تواخیر کی اطلاع بھی وصول کی جا سکے گی۔ یہ ایپلی کیشن ٹوکیو میں یامانوتے لائن پر ایک مخصوص ٹرین میں رش کا درجہ اور اندرونی درجہ حرارت معلوم کرنے کی سہولت بھی دے گی۔
مزید برآں، یہ ایپ ٹوکیو کے شہری علاقے میں واقع 1700 سے زائد اسٹیشنوں کی تفصیلی معلومات مہیا کرے گی۔ اس میں اسٹیشنوں کا مقام اور ان کے اندر ذخیرہ کاری کے لیے لاکرز کی دستیابی جیسی معلومات بھی شامل ہوں گی۔
یہ ایپ صارفین کے لیے مفت ہو گی (تاہم اس میں ڈیٹا اور پیغام رسانی کے چارجز شامل نہیں)۔