ٹوکیو: جاپان کی تیز رفتار بلٹ ٹرین مسافروں کو پاشوب (پاؤں دھلائی، فُٹ باتھ) کی سہولت مہیا کرے گی۔ جب ٹرین دیہی علاقوں سے شراٹے بھرتی گزر رہی ہو گی تو مسافر پاشوب کی سہولیات سے مزید ایک ڈبے میں اپنے تھکے ماندے پیروں کو تسکین پہنچا سکیں گے۔
جے آر ایسٹ جولائی میں یہ خدمت شروع کرے گا۔ “شنکانسن” بلٹ ٹرین پر ایک ڈبہ مہیا کیا جائے گا جس میں کھڑکیوں کے سامنے 2.4 میٹر لمبے ٹب نصب ہوں گے۔
نہانا جاپان میں ایک روایتی اہمیت کا حامل ہے اور اسے انتہائی معزز سرگرمی سمجھا جاتا ہے۔ پاشوب مسافروں کے لیے ایسی جگہ سمجھے جاتے ہیں جہاں وہ اپنے پاؤں صاف کرانے نہیں بلکہ سستانے جاتے ہیں۔
مذکورہ ٹرین کا نام ٹورئیو ہے۔ اس کا نام انگریزی لفظ “ٹرین”، فرانسیسی لفظ “سولئےل” اور گرم پانی کے لیے جاپانی لفظ “یو” کو زبردستی ملا کر بنایا گیا ہے۔ اس ٹرین کے ایک ڈبے میں بار کاؤنٹر بھی ہو گا۔ اس کے علاوہ اس میں تامامی چٹائیوں کا فرش ہو گا جن کے ساتھ چیری کی لکڑی سے بنے میز ہوں گے۔
یہ ٹرین فوکوشیما اور شینجو شہر، صوبہ یاماگاتا کے درمیان 148 کلومیٹر کے روٹ پر چلے گی۔ اس کے اوقات زیادہ تر ویک اینڈز پر ہوا کریں گے۔ یہ یاماگاتا میں سیاحت کو فروغ دینے کی ایک مہم کا حصہ ہے۔ یاماگاتا ایک زرعی علاقہ ہے جو اپنے چاول، بڑے گوشت، چیری اور ناشپاتیوں کے لیے معروف ہے۔