بیجنگ: چین نے بدھ کو جاپان کے لیے خیر خواہی کے جذبے کا اظہار کیا۔ چاہے بالواسطہ ہی سہی، لیکن اس نے ملائیشیا ائیر لائنز کے طیارے کی تلاش میں مدد کی پیشکش کا شکریہ ادا کیا۔ یہ طیارہ ویک اینڈ کے دوران بیجنگ کو آنے والی پرواز میں لاپتہ ہو گیا تھا۔
جاپان کے ساتھ چین کے تعلقات عرصہ دراز سے تلخی کا شکار ہیں۔ چین سمجھتا ہے کہ جاپان نے دوسری جنگِ عظیم سے قبل اور اس کے دوران چین کے کچھ حصوں پر قبضے جیسے فعل کی مناسب تلافی نہیں کی۔
جاپان نے بدھ کو باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ ملائیشیا ائیر لائنز کے لاپتہ طیارے کی تلاش میں مدد کے لیے چار فوجی طیارے بھیجے گا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان چِن گانگ نے کہا کہ یہ خبر ان کے علم میں تھی۔ تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ جاپانی افواج نے پہلے ہی آغاز کر دیا ہے یا نہیں۔
“اگر دیگر ممالک تلاش کی کاروائی میں شرکت کے لیے جہاز بھیج سکتے ہیں اور بھیجنا چاہتے ہیں، تو ہم خوش آمدید کہتے ہیں اور شکریے کا اظہار کرتے ہیں۔”