ٹوکیو: جاپان کی موسمیاتی ایسوسی ایشن نے 2014 کے لیے تازہ ترین چیری بہار کی پیشن گوئی جاری کر دی۔ اس پیشن گوئی کو عرصہ دراز سے بہار کی پہلی نشانی سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ چیری بلاسم –جاپانی میں “ساکورا”– کے درختوں پر آئندہ ہفتوں کے دوران جاپان بھر میں پھول کھِلنا شروع ہو جائیں گے۔
پیشن گوئی ہے کہ صوبہ کوچی میں سب سے پہلے بہار آئے گی۔ وہاں 18 مارچ سے جاپان کے مشہور شگفتہ چیری بلاسم کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔ اس کے بعد چیری بلاسم کیوشو ریجن کے صوبوں کوماماتو اور ناگاساکی میں 21 مارچ کے اریب قریب کھِلنا شروع ہو جائیں گے۔
اس برس کے چیری بہار کے اوقات قریباً معمول کے مطابق ہی ہیں۔ تاہم کیوشو اور شیکوکو کے علاقوں میں 3 یا 4 دن قبل شگوفے پھوٹنا شروع ہو سکتے ہیں۔ جبکہ کانتو، کوشِن اور ہوکائیدو کے علاقوں میں 3 یا 4 دن کی تاخیر ہو سکتی ہے۔