ٹوکیو: پولیس نے ہفتے کو کہا کہ ٹوکیو کے توشیما وارڈ میں ایک کارکن ہلاک ہو گیا۔ اس پر ایلیمنٹری اسکول کی تعمیراتی جگہ پر کام کے دوران ایک 500 کلو وزنی لکڑی کا پھٹّا گِر پڑا اور وہ کچلا گیا۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ ہفتے کو مےجیرو میں دوپہر 1:50 کے قریب پیش آیا۔ ٹی بی ایس نے خبر دی کہ کارکن 50 کے پیٹے میں تھا۔ وہ اسکول کی تیسری منزل پر مچان بندی کر رہا تھا جب ایک بڑا لکڑی کا پھٹّا سیدھا اس پر آ گرا۔
یہ لکڑی کا پھٹّا اسکول کی بیرونی دیوار تعمیر کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے کہا یہ پھٹّا چوتھی منزل پر رکھا گیا تھا۔ کرین ایک اور پھّٹے کو اوپر اٹھا رہی تھی جو اس سے ٹکرا گیا۔ جس کی وجہ سے وہ لڑھکا اور نیچے موجود کارکن پر جا پڑا جسے بالکل بھی خبر نہ ہو سکی۔
اہلکار واقعے کی وجوہات کے سلسلے میں مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ وہ تعین کریں گے کہ موت کی وجہ بننے والی پیشہ ورانہ غفلت کے الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔