سان فرانسسکو: سونی کارپوریشن نے منگل کو اپنے پلے اسٹیشن 4 گیم کنسول کے لیے مجازی حقیقت پر مشتمل ایک نئے ہیڈ سیٹ لوازمے کا نمونہ متعارف کروایا۔ اس کی نقاب کشائی سالانہ گیم ڈویلپرز کانفرنس، سان فرانسسکو میں کی گئی۔ اس طرح کے ہیڈ سیٹ پہلے بھی مارکیٹ میں آزمائشی طور پر موجود ہیں اور سونی اس تصور کی قبولیت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
یہ ہیڈ سیٹ ابھی تیاری میں ہے اور اسے “پراجیکٹ مورفئس” کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔ ہیڈ سیٹ کا مقصد گیمروں کے لیے ایک سہ جہتی ماحول جیسا تجربہ مہیا کرنا ہے کہ جیسے وہ خود گیم کے اندر موجود ہوں۔ یہ ہیڈ سیٹ ان کی آنکھوں کے سامنے موجود ڈسپلے پر مجازی حقیقت منعکس کرے گا۔ مجازی حقیقت ان کے سر کی حرکت کے مطابق تبدیل ہوتی جائے گی۔
سونی اس طرز کی گیمنگ کی آزمائشیں 2010 سے کر رہا ہے۔ تاہم پراجیکٹ مارفئس کے تحت یہ ہیڈ سیٹ سونی کمپیوٹر انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پہلا خصوصی گیمنگ ہیڈ سیٹ ہے۔ یہ ہیڈ سیٹ پلے اسٹیشن 4 کے کیمرہ، کنٹرولر اور حرکی حساسیے ‘موو’ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ اس میں صوتی فریب بھی شامل ہے جس سے صارفین کو ایسے احساس ہو گا جیسے وہ حقیقت میں کھیلی جانے والی گیم کا حصہ ہیں۔
سونی نے کہا کہ وہ جلد ہی گیم ڈویلپروں کے لیے ہیڈ سیٹ دستیاب کر دے گا۔