ٹوکیو: جنوبی کوریا اور جاپان نے جمعے کو کہا کہ ان کے لیڈر اگلے ہفتے امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ سربراہ ملاقات کریں گے۔ یہ ایک بریک تھرو ہے اور واشنگٹن نے بھی ان دونوں ممالک پر اپنے تار تار تعلقات ٹھیک کرنے پر زور دیا تھا۔
یہ ملاقات اگلے منگل اور بدھ کو ہیگ میں عالمی ایٹمی کانفرنس کے موقع پر منعقد ہو گی۔ یہ ملاقات خاتون صدر پارک گیون ہئے اور جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے درمیان پہلی ملاقات ہو گی۔ دونوں سربراہان ایک برس سے زیادہ عرصہ قبل اقتدار میں آئے تھے۔
سئیول کی وزارتِ خارجہ نے کہا، “حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ اور جاپان کے ہمراہ سہ فریقی سربراہ ملاقات میں حصہ لیا جائے۔ یہ ملاقات ہیگ میں ایٹمی سلامتی سربراہ ملاقات کے موقع پر امریکہ کی میزبانی میں ہو گی”۔
جاپانی وزارتِ خارجہ نے ان منصوبوں کی تصدیق کی۔ جبکہ سئیول نے کہا کہ دونوں ممالک سینئر اہلکاروں کے درمیان مذاکرات کے امکان پر بھی مشاورت کر رہے ہیں۔ یہ اہلکار دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپان کے ہاتھوں جنوبی کوریائی خواتین کے فوجی چکلوں میں استعمال پر مذاکرات کریں گے۔