ٹوکیو: ایک 55 سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس نے پچھلے 19 نومبر کو ایک قانون ساز کو دھمکی آمیز عبارت کے ساتھ ایک شاٹ گن کا کارتوس ارسال کیا تھا۔ یہ کارتوس ایک عبارت کے ہمراہ بھیجا گیا جس میں لکھا تھا “میں تمہیں قتل کر دوں گا”۔ مذکورہ خط نو آموز جاپانی قانون ساز تارو یاماموتو کو بھیجا گیا۔
یاماموتو پہلے ایک فنکار تھے اور پھر سیاست میں آئے۔ انہوں نے 31 اکتوبر کو شاہی گارڈن پارٹی میں شہنشاہ اکی ہیتو کو ایک خط پیش کر کے غیظ و غضب کا طوفان کھڑا کر دیا تھا۔ کچھ ناقدین نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے حفظِ مراتب کی خلاف ورزی کی۔ اس وقت یاماموتو نے کہا تھا کہ انہوں نے شہنشاہ کو خط اس لیے پیش کیا چونکہ وہ انہیں عوام کی حالتِ زار سے آگاہ کرنا چاہتے تھے۔ جو عوام فوکوشیما کے ایٹمی بحران کے بعد بھگت رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، شاٹ گن کا کارتوس بھیجنے والے شخص کی شناخت میکیو میزوتانی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ ناگویا میں ایک کمپنی کا سابق ملازم ہے۔
ٹی وی آساہی نے پیر کو خبر دی کہ یہ خط گِنزا، چوؤ وارڈ کے ڈاکخانے میں ایکس رے سے اسکین کیا گیا تھا۔ اور کارتوس دریافت ہونے پر یاماموتو کو نہیں پہنچایا گیا۔