ٹوکیو: جاپان میں تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کا ایک کارکن جمعے کو ہسپتال میں چل بسا۔ مرکز کے آپریٹر کے مطابق، وہ سائٹ پر ایک گڑھا کھود رہا تھا جس کے دوران وہ مٹی تلے دب گیا۔
ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) کے ایک ترجمان نے کہا، جمعے کی سہ پہر یہ حادثہ واقعہ ہوا۔ اس وقت یہ شخص ایک عمارت کی بنیاد جانچ رہا تھا اور کنکریٹ کے ڈھانچے کی تہہ تک کھدائی کر رہا تھا۔
اس نے کہا، “جب وہ بنیاد کے نیچے جانچ کر رہا تھا تو اس کے اوپر اور اردگرد کنکریٹ اور مٹی کا ایک بڑا حصہ گر پڑا”۔
کمپنی نے کہا، آدمی کی عمر پچاس کے پیٹے میں تھی اور پلانٹ کے قریبی ہسپتال میں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
اس آدمی کو پلانٹ پر کام کرنے والے کئی ذیلی ٹھیکیداروں میں سے ایک نے بھرتی کیا ہوا تھا۔ مارچ 2011 میں جناتی سونامی کے ہاتھوں تباہی کے تین سے زائد برس کے بعد بھی یہ ذیلی ٹھیکیدار پلانٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے مصروف ہیں۔