ٹوکیو: بدھ کو ٹوکیو میں جاپانی کمپنی رینےساس الیکٹرونکس کے حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ قبل ازیں خبر آئی تھی کہ وہ امریکی دیو ایپل کو اپنے ایک یونٹ میں حصہ فروخت کرنے جا رہا ہے۔ یہ یونٹ لیکوئڈ کرسٹل ڈسپلےز کے لیے مائیکرو چپس ڈیزائن کرتا ہے۔
چپ ساز کے حصص ابتدائی لین دین میں 19 فیصد تک بڑھ گئے۔ تاہم بعد ازاں اختتام سے قبل 831 ین پر آ کر مستحکم ہوئے جو 5.99 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
کاروباری روزنامے نیکےئی نے کہا کہ ایپل رینےساس ایس پی ڈرائیورز پر نظر جمائے ہے۔ یہ دنیا میں چھوٹی اور درمیانی ایل سی ڈیز کو کنٹرول کرنے والی قریباً ایک تہائی چپس بناتا ہے۔ ایپل اپنے مقبول گیجٹس کی ریزولوشن اور بیٹری مدت بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
معتبر اخبار نیکےئی نے ہی چند دن قبل کہا تھا کہ ایپل ستمبر میں اپنا تازہ ترین آئی فون جاری کرے گا۔ اس میں ریزولوشن زیادہ اور اسکرین پہلے سے بڑی ہو گی۔ یہ اقدام اسمارٹ فون کی جنگ میں اس کا تازہ ترین وار ہو گا۔ وہ سام سنگ جیسے حریفوں کے ہاتھوں پہلے ہی عالمی اسمارٹ فون کا حصہ گنوا چکا ہے۔