ٹوکیو: جمعرات کو علی الصبح شمالی جاپان سے چھوٹی سونامی لہریں ٹکرائیں۔ قبل ازیں بحر الکاہل کے اس پار ہزاروں میل دور چلی میں 8.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ جاپانی اہلکاروں نے کچھ علاقوں کے لیے انخلاء کا مشورہ بھی جاری کیا۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ صبح 7:39 کے قریب کوجی، صوبہ ایواتے میں 40 سینٹی میٹر اونچی لہروں کا مشاہدہ کیا گیا۔ اس سے ایک گھنٹہ قبل وہیں 20 سینٹی میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
شمالی جاپان کے دیگر علاقوں میں 30 سینٹی میٹر تک اونچی لہریں بھی زیرِ مشاہدہ آئیں۔
قبل ازیں جمعرات کو جاپان نے ایک سونامی انتباہ جاری کیا تھا کہ اور کہا تھا کہ مشرقی بحر الکاہل کے ساحلی علاقوں میں معمول سے ایک میٹر اونچی لہریں ٹکرا سکتی ہیں۔ تاہم ان سے نقصان کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔
سرکاری ٹی وی این ایچ کے کے مطابق، مقامی حکام نے صوبہ ایواتے کی ساحلی پٹی کے نزدیک رہائش پذیر 22,000 سے زائد لوگوں کے لیے انخلائی احکامات جاری کیے۔
جمعرات کو علی الصبح شمالی جاپان میں 5.6 شدت کا ایک زلزلہ بھی آیا تھا۔ تاہم نقصان یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں تھیں اور اہلکاروں نے کہا کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔