ہاکوداتے: ہوکائیدو میں ہاکوداتے کے شہر نے جمعرات کو ٹوکیو کی ضلعی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا۔ اس میں استدعا کی گئی کہ آؤموری صوبے میں الیکٹرک پاور ڈویلپمنٹ کو (جے پاور) کے زیرِ انتظام اوما ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر منجمد کی جائے۔
پچھلے برس یہاں تعمیر دوبارہ شروع ہوئی تھی۔ یہ پلانٹ ہاکوداتے سے 23 کلومیٹر دور آبنائے تسوروگا کے پار واقع ہے۔ ٹی بی ایس نے جمعرات کو خبر دی کہ یہ مقدمہ پہلا موقع ہے کہ کسی مقامی حکومت نے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر روکنے کے لیے مرکزی حکومت کے خلاف قانونی اقدام اٹھایا ہے۔
مکمل ہونے پر اوما پلانٹ دنیا میں اپنی طرز کا پہلا ایٹمی بجلی گھر ہو گا۔ یہ یورینیم اور پلوٹونیم کے آمیزے سے بنا ایندھن استعمال کرے گا جسے ایم او ایکس (موکس) یا “مکسڈ آکسائیڈ فیول” بھی کہتے ہیں۔
ٹی بی ایس کے مطابق، ہاکوداتے کے مئیر توشیکی کودو نے رپورٹروں کو بتایا کہ شہر نے مقدمہ اس لیے دائر کیا ہے چونکہ جے پاور نے ہاکوداتے سے منظوری ملے بغیر ہی تعمیراتی کام آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔