ٹوکیو: امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل نے اتوار کو ایشیا پیسفک کے ممالک کو دو رخا انتباہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکہ دو اضافی بیلیسٹک میزائل تباہ کار جاپان بھیجے گا تاکہ شمالی کوریا کے خطرے کا توڑ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہے کہ چین اپنے پڑوسیوں کا احترام کرے۔
چین کے بارے میں ہیگل کے یہ خیالات غیر معمولی طور پر سخت تھے۔ انہوں نے روس کے یوکرائنی علاقے کریمیا پر قبضے اور چین و جاپان اور دیگر ممالک میں مشرقی بحیرہ چین کے دور دراز جزائر پر موجود تنازعات میں تقابل کیا۔
جاپان میں اضافی تباہ کار جہاز تعینات کرنے کا اعلان ایسے موقع پر آیا ہے جب شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی پھر بڑھ گئی ہے۔ پیانگ یانگ مسلسل اضافی میزائل اور ایٹمی تجربات کی دھمکی دے رہا ہے۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ دشمن کی چڑھائی کے لیے ریہرسل کر رہا ہے۔
پچھلے اکتوبر میں امریکہ اور جاپان نے اپنے دفاعی اتحاد کو پھیلانے کے وسیع منصوبوں پر اتفاق کیا تھا۔ ان میں رواں برس کے اواخر تک ایک اور پیشگی انتباہی ریڈار تعینات کرنے کا اقدام بھی شامل تھا۔