ٹوکیو: آسٹریلوی وزیرِ اعظم ٹونی ایبٹ نے اتوار کو کہا کہ انہیں جاپان کے ساتھ آزاد تجارتی مذاکرات کے سریع نتائج کی امید ہے۔ تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ “اطمینان بخش” معاہدہ یقینی بنانے کے لیے شاید وقت کی ضرورت ہو۔
آسٹریلوی وزیرِ تجارت اینڈریو روب نے کہا، دونوں ممالک کے وزراء نے اتوار کو ایک پانچ گھنٹے طویل نشست میں شرکت کی۔ یہ نشست شام دیر تک جاری رہی اور کئی اہم معاملات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔
ایبٹ نے رپورٹروں کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ ان مذاکرات کا نتیجہ قریب ہے۔ مذاکرات 2007 میں شروع ہوئے تھے۔
آسٹریلوی حکومت کے مہیا کردہ ایک مسودے کے مطابق ایبٹ نے کہا، “میں آزاد تجارتی مذاکرات بارے پرامید ہوں، تاہم یہ مشکل مذاکرات رہے ہیں”۔
آسٹریلیا اور جاپان کے درمیان معاہدہ مکمل کرنے میں ناکامی سے امریکہ کی پریشانی کم ہو گی۔ اسے خطرہ ہے کہ 12 ملکی ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (ٹی پی پی) سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ معاہدے کی صورت میں آسٹریلوی برآمد کنندگان کو امریکی برآمد کنندگان کے مقابلے میں جاپان تک بہتر رسائی حاصل ہو جائے گی۔