ٹوکیو: جاپانی دوا ساز تاکیدا فارماسیوٹیکل نے منگل کو کہا کہ وہ ایک امریکی مقدمے میں 6 ارب ڈالر کے جحیم ہرجانے کے خلاف لڑے گا۔ یہ مقدمہ اس کی ذیابیطس کی دوا ایکٹوس کے حفاظتی معاملے پر کیا گیا تھا۔
کمپنی نے کہا کہ وہ فیصلے سے “بصد احترام اختلاف کرتی ہے”۔ یہ فیصلہ پیر کو جنوبی ریاست لوزیانا کی ایک جیوری نے سنایا تھا۔ اسی جیوری نے شریک مدعا علیہ امریکی دوا ساز فرم ایلی للی کو بھی 3 ارب ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
منگل کو سرمایہ کاروں نے جاپانی فرم کے ٹوکیو میں درج شدہ حصص اندھا دھند فروخت کرنا شروع کر دئیے۔ اور ان کی قیمت میں 5.05 فیصد کی کمی ہو کر 4577 ین ہو گئی۔
یہ مقدمہ فروری میں شروع ہوا تھا۔ معاملہ یہ تھا کہ آیا دوا کو استعمال کرنے سے ایک مدعی کو مثانے کا سرطان لاحق ہوا یا نہیں۔ اور آیا فرم کو ان خطرات کا علم تھا یا تھا۔ امریکہ میں ایسے دیگر مقدمے بھی چل رہے ہیں۔
تاکیدا جاپان میں دواؤں کی قریباً نصف فروخت کا حامل ہے اور شمالی امریکہ و یورپ بھی اس کی بڑی منڈیاں ہیں۔
ایلی للی نے تاکیدا کے ساتھ شراکت داری کر کے امریکہ میں اس دوا کی مارکیٹنگ میں مدد دی تھی۔