ٹوکیو: جاپان میں کمرشل موسیقی کے شہنشاہ گروپ اے کے بی 48 میں ایک 37 سالہ خاتون کو شامل کیا گیا ہے جو دو بچوں کی ماں ہے۔ انتہائی مقبول آئڈل گروپ نو عمر لڑکیوں کی غالب اکثریت والی شبیہ کو وسیع کرنے کا متمنی ہے۔
اس مجموعے میں 90 سے زائد گلوکارائیں اور رقاصائیں شامل ہیں اور انہیں ان کی مقبولیت کے تناسب سے پردہ سیمیں پر لایا اور غائب کیا جاتا رہتا ہے۔ یہ گروپ باقاعدگی سےایسے گانے جاری کرتا رہتا ہے جن کی ملینوں نقول فروخت ہو جاتی ہیں۔
تاہم شوبز کے مقبول ترین اس برانڈ کی انتظامیہ نے پچھلے ماہ اشتہارات جاری کیے۔ اس میں نوعمر اور 20 کی دہائی کے ابتدائی سالوں میں موجود خواتین کے علاوہ زیادہ عمر کی خواتین سے درخواستیں طلب کی گئیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق، ماریکو تسوکاموتو دو بچوں کی ماں ہیں اور انہیں 5000 سے زائد درخواستوں میں سے منتخب کیا گیا۔ ان درخواستوں میں ایک 82 سالہ خاتون کی درخواست بھی شامل تھی۔
تسوکاموتو اگست میں لائیو کنسرٹس اور اشتہاری تقریبات میں حصہ لیں گی۔