ٹوکیو: جاپان کے مرکزی حکومتی ترجمان نے منگل کو کہا کہ ٹوکیو کو “تھائی لینڈ میں صورتحال پر سخت تشویش ہے”۔ یہ بیان مارشل لاء کے نفاذ کے چند ہی گھنٹوں بعد جاری کیا گیا۔
چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہیدے سُوگا نے ٹوکیو میں رپورٹروں کو بتایا، “ہمیں تھائی لینڈ میں صورتحال پر شدید تشویش ہے”۔ “ہم ایک مرتبہ پھر تمام متعلقہ فریقین پر شدت سے زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد کا استعمال کیے بغیر ضبط سے برتاؤ کریں۔”
“ہمیں بھرپور امید ہے کہ تمام متعلقہ فریقین اپنے اختلافات پرامن انداز میں جمہوری عمل کے ذریعے حل کر لیں گے۔”
جاپان تھائی لینڈ کے سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ وہاں کئی بڑے مینوفیکچرروں کے پلانٹ ہیں۔
کار ساز نسان نے ٹوکیو میں اے ایف پی کو بتایا، “اس وقت ہم صورتحال کا تعین کر رہے ہیں”۔
سُوگا نے مزید کہا کہ جاپانی حکومت تھائی لینڈ میں جاپانی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔