سنگاپور: ایشیا پیسفک کے وزرائے تجارت نے منگل کو کہا کہ وہ وسیع تر ٹرانس پیسفک آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت میں تیزی لائیں گے۔ تاہم انہوں نے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے کسی قسم کا عندیہ نہیں دیا۔
سنگاپور میں دو روزہ اجلاس کے بعد ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ (ٹی پی پی) کے 12 مفروضہ ممالک کے وزراء اور چیف مذاکرات کار کلیدی معاملات پر اختلاف کا شکار رہے۔
بیان کے مطابق، چیف مذاکرات کار جولائی میں دوبارہ ایک اجتماعی ملاقات کریں گے۔ جبکہ وزراء دو طرفہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
چھ ماہ میں یہ تیسرا موقعہ ہے جب سنگاپور نے ان مذاکرات کی میزبانی کی ہے۔ ان میں ٹی پی پی کے 12 متوقع رکن ممالک کے وزراء شامل تھے۔ ان ممالک میں امریکہ، جاپان، آسٹریلیا، برونائی، کینیڈا، چلی، ملیشیا، میکسیکو، نیوزی لینڈ، پیرو، سنگاپور، اور ویتنام شامل ہیں۔