آج کل Ghibli Art کا ٹرینڈ اے آئی کی مدد سے سوشل میڈیا پر بہت رواں دواں ہے جو دراصل مشہور اور زندہ و جاوید عظیم جاپانی animator اور داستان گو Hayao Miyazaki کا ہاتھ سے اینیمیشن آرٹ تخلیق کرنے کا انداز ہے۔
لفظ غِبْلِي (غ کے نیچے زیر) عربی زبان کا لفظ ہے جو شمالی افریقہ (لیبیا، الجزائر، مراکش) کے صحراؤں میں اچانک آنے والے نئی اور تیز ہواؤں کے لیئے بولا جاتا ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں یہ اصطلاح عرب سے یورپ میں ایسے منتقل ہوئی کہ اٹلی نے اپنے ایک جنگی ائیرکرافٹ کانام غبلی رکھا یعنی ایک طاقتور ہوائی فورس۔ ہایومیازاکی اور اس کے پارٹنر ایساؤ تاکاہاتا نے 1985ء میں جب اپنے اینیمیشن اسٹوڈیو کی بنیاد رکھی تو اس کا نام غبلی اسٹوڈیو رکھا یعنی اس فیلڈ میں ایک نئی، تازہ اور طاقتور ہوا کی آمد۔
ہم سب اپنے بچوں کو کارٹون اور اینمیشن دکھاتے ہیں اور بچے ان کو دیکھنا پسند بھی کرتے ہیں تو میں اپنے بچوں کے لیئے سلیکٹیو اینیمیشن موویز کا انتخاب کرتا رہتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں۔ آج سے کوئی سولہ سترہ سال قبل مجھے Spirited Away جاپانی انیمیشن دیکھنے کا اتفاق ہوا جو ہایومیازاکی کی تخلیق تھی۔ یہ کہانی، کردار اور آرٹ عام ڈزنی / پکسار اینیمیٹڈ موویز سے اتنی مختلف تھی کہ مجھے لگا یہ تخلیق کار بچوں کی اس اینیمٹڈ کہانی میں بالکل ہی مختلف ذہن سازی کر رہا ہے۔ میری بڑی بیٹی فاطمہ تب چھوٹی تھی تو پھر میں نے اسپریٹڈ اوے اس کو دکھائی اور ساتھ بیٹھ کر پوری کہانی بتاتا گیا۔ ہم نے انگلش سب ٹائٹلز کے ساتھ جاپانی زبان میں ہی دیکھی۔ ویسے بھی فلم دیکھنے میں میری پہلی ترجیح اوریجنل زبان میں ہی دیکھنا ہوتی ہے۔
اسپریٹڈ اوے ایک 10 سالہ لڑکی چیہیرو Chihiro کی کہانی ہے، جو اپنے والدین کے ساتھ ایک نئے شہر جا رہی ہوتی ہے۔ ایک راستہ انہیں ایک پراسرار دنیا میں لے جاتا ہے۔ جہاں اس کے والدین جادو سے جانور بن جاتے ہیں۔ چیہیرو اکیلی رہ جاتی اور ساتھ ہی ایک جادوئی، روحوں سے بھری دنیا میں پھنس جاتی ہے جہاں انسانوں کو غلام بنایا جاتا ہے۔ چیہیرو اپنے ایک ہم عمر لڑکے ہاکو کی مدد سے یو بابا نامی جادوگرنی کے گھر کام کرنے لگتی ہے۔ اسے اپنی شناخت چھپانی پڑتی ہے۔ وقت کے ساتھ چیہیرو ہمت، عقل اور مہربان طبعیت کے ذریعے اس جادوئی دنیا میں اپنی جگہ بناتی ہے اور آخر کار بغیر کسی جنگ و جدل کے ہاکو اور اپنے والدین کو بچا کر اصل دنیا میں واپس لے آتی ہے۔ لیکن اب وہ ایک نڈر، پختہ اور سمجھدار لڑکی بن چکی ہوتی ہے۔
اسپریٹڈ اوے کے بعد پھر میں نے ہایومیازاکی کی کافی اینیمٹڈ موویز دیکھیں اور ان کے کرداروں اور کہانیوں کو ہالی وڈ کی اینمیٹڈ موویز سے بالعموم بہت ٹھوس اور مضبوط پایا۔
1-ناؤشیکا Nausicaä of the Valley of the Wind
ناؤشیکا جو نیچر سے گہرا لگاؤ رکھتی ہے زہریلے جنگل اور انسانوں کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
2-اڑتا ہوا قلعہ Castle in the Sky
ایک یتیم لڑکی شیٹا اور لڑکا پازو ایک جادوئی اُڑتے ہوئے قلعے لاپوٹا کی تلاش میں نکلتے ہیں۔
3-میرا ہمسایہ توتورو My Neighbor Totoro
دو بہنیں، ستسوکی اور میی، گاؤں میں اپنی بیمار والدہ کے پاس رہنے کے لیے آتی ہیںوہاں ان کی ملاقات ایک جادوئی مخلوق ٹوٹورو سے ہوتی ہے، جو انہیں دوستی، فطرت اور معصومیت کی خوبصورت دنیا سے روشناس کرواتا ہے۔
4-شہزادی مونونوکے Princess Mononoke
یہ کہانی نیچر اور انسانیت کے درمیان توازن کی جدوجہد کو دکھاتی ہے۔
5-روحوں کی دنیا Spirited Away
ایک 10 سالہ لڑکی چیہیرو ایک جادوئی دنیا میں پھنس جاتی ہے جہاں اس کے والدین جانور بن جاتے ہیں۔ اپنی شناخت بچاتے ہوئے، وہ ہمت، خلوص اور دوستی سے اس جادوئی دنیا کو سمجھتی ہے اور اپنے والدین کو بچا کر واپس حقیقی دنیا میں لے کر آتی ہے۔
6-ہاؤل کا چلتا ہوا قلعہ Howl’s Moving Castle
ایک نوجوان لڑکی صوفی پر جادو کے باعث ایک رات میں ہی بڑھاپا آ جاتا ہے۔ پھر وہ ایک پراسرار جادوگر ہاؤل اور اس کے چلتے ہوئے قلعے میں پناہ لیتی ہے، جہاں وہ خود اعتمادی، محبت، اور جنگ کے خلاف مزاحمت کا سبق سیکھتی ہے۔
7-پونیو مچھلی Ponyo
پونیو ایک سنہری مچھلی ہے جو سمندر سے نکل کر انسان بننا چاہتی ہے، اور ایک ننھے لڑکے سوسوکے سے دوستی کرتی ہے۔ ان دونوں کی معصوم محبت ایک جادوئی طوفان کو جنم دیتی ہے، جو سمندر اور خشکی کے توازن کو بدل دیتا ہے۔
8-اڑاتی ہوئی ہوا The Wind Rises
جیرو ہوریکوشی ایک نوجوان انجینئر ہے جو خوبصورت ہوائی جہاز بنانا چاہتا ہے۔ کہانی میں اس کی جدوجہد، محبت، اور جنگ کے سائے میں تخلیق کی قیمت کو دکھایا گیا ہے، جہاں خواب اور حقیقت آپس میں ٹکرا جاتے ہیں۔
9-ایک لڑکا اور پرندہ The Boy and the Heron
کہانی 1940 کی دہائی کے جنگ زدہ جاپان میں 11 سالہ لڑکے ماہیتو کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ماں کی موت کے بعد دیہی علاقے میں منتقل ہوتا ہے۔ وہاں وہ ایک پراسرار نیلے بگلے سے ملتا ہے جو اسے ایک جادوئی دنیا میں لے جاتا ہے جہاں زندگی اور موت کی سرحدیں مٹ جاتی ہیں۔
ہایومیازاکی کا مندرجہ بالا یہ تخلیقی کام دیکھ چکا ہوں۔
غبلی اسٹوڈیو کا یہ کام بھی دیکھا ہے جو براہ راست میازاکی سے تعلق نہیں رکھتا مگر دیکھنے لائق ہے۔
10-جگنوؤں کا گورستان Grave of the Fireflies
یہ کہانی دو یتیم بہن بھائیوں کی ہے جو جنگِ عظیم دوم کے دوران جاپان میں بقاء کی جنگ لڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ دل ہلا دینے والی کہانی بتاتی ہے کہ کس طرح جنگ معصوم جانوں کو متاثر کرتی ہے۔
11-شہزادی کاگویا کی کہانی The Tale of the Princess Kaguya
یہ ایک پراسرار شہزادی کی کہانی ہے جو چاند سے زمین پر آتی ہے اور کسان کے گھر میں پروان چڑھتی ہے۔
12-جب مارنی وہاں تھی When Marnie Was There
یہ ایک تنہا لڑکی آنا کی کہانی ہے جو ایک پراسرار لڑکی مارنی سے دوستی کرتی ہے۔ وقت کے ساتھ یہ دوستی ایک گہرے راز کو بے نقاب کرتی ہے جو آنا کی اپنی شناخت سے جڑا ہوتا ہے۔
13-سرخ کچھوا The Red Turtle
یہ بغیر کسی مکالمے کے ایک خاموش مگر گہری کہانی ہے۔ ایک شخص جو ویران جزیرے پر پھنس جاتا ہے۔ وہاں ایک سرخ کچھوے کے ساتھ اس کی غیر معمولی ملاقات اس کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیتی ہے۔
اب اس نکتہ پر بات کرتے جس نے مجھے تحریک دی کہ میں یہ پوسٹ آپ لوگوں سے شئیر کروں۔ وہ نکتہ اس چیز کا موازنہ کرنا تھا کہ ہایومیازاکی کی کہانیوں کے کردار، خصوصی طور پر لڑکیوں کے کردار اور ڈزنی کی شہزادیوں اور لڑکیوں کے کرداروں میں کیا فرق ہے اور کس طرح بچوں کو دکھائی جانے والی دو مختلف خطوں کہانیاں ذہنوں پر کیا اثرات چھوڑتی ہوں گی۔
میازاکی کے کردار شروع سے ہی بیرونی دنیا سے اپنے آپ کو پوری طرح متعلق کرتے ہیں اور پھر بیرونی دنیا کے conflicts کو جب وہ حل کرنے کی سعی کرتے ہیں تو خود ان کے اندر جو اصلاح ذات personal growth، ذاتی کایا پلٹ inner transformation اور غیر متوازن شخصیت سے متوازن شخصیت میں ڈھلنے کا عمل ہوتا ہے جو کہانی کو مکمل کرتا ہے۔ ڈزنی و پکسار کے کردار زيادہ تر اندرونی conflicts کا شکار ہوتے ہیں جیسے میں یہ کرنا چاہتا / چاہتی ہوں، میرے یہ خواب ہیں اور اس دوران ایموشنل بلاکیج، اپنی صلاحیتوں پر شک کرنا وغیرہ چلتا ہے۔ جوں جوں کہانی کا سفر آگے بڑھتا ہے تو کردار زيادہ تر دوسرں کو بچانے یا مونسٹر کے ساتھ جنگ و جدل کر کے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرتا ہے یا پھر اپنا سیلف ڈسکور کرتا ہے۔
ڈزنی پکسار کے نسوانی کردار ظاہریت پر بہت توجہ کرتے ہیں۔ خوبصورت خدوخال والے چہرے، ماڈلز کی طرح کے کاسٹیومز اور چمچماتا ماحول جبکہ میازاکی کے نسوانی کردار سادہ، عملی، نو میک اپ اور عام ڈریسنگ میں ماحول کے مطابق ہوتے ہیں۔ کردار کر کیا رہا ہے اس پر سارا فوکس ہوتا ہے۔
ڈزنی پکسار کے کردار اکثر انتہائی ذہین، پرمزاج اور رومانوی ہوتے ہیں۔ ہاں آج کل رومانیت میں نسوانی کردار مرد کرداروں کو زیادہ بھاؤ نہیں دیتے۔ دوسرا کردار کو اکثر بعد میں طاقت والا لازمی کر کے دکھایا جاتا جاتا ہے۔ میازاکی کے کردار متجسس، مہربان اور ایموشنلی کمپلیکس ہوتے ہیں۔ رومانیت سے زيادہ مخالف جنسوں کے درمیان دوستی کے مضبوط تعلق دکھائی دیتے ہیں۔ میازاکی کے کردار کفنلیکٹس کو طاقت سے زيادہ حکمت، محبت اور مہربانی سے حل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈزنی پکسار میں نیچر پس منظر میں نظر آتی ہے جبکہ میازاکی کی کہانیوں میں نیچر کم و بیش خود کردار میں نظر آتی محسوس ہوتی ہے۔
پرسنل گروتھ
ڈزنی / پکسار: Find yourself
میازاکی / غبلی: Understand the world, and your place in it
ظاہر نگاری Appearance
ڈزنی / پکسار: Look magical
میازاکی / غبلی: Be real
نفسیاتی ڈھانچہ Archetypes
ڈزنی / پکسار: Empowerment through self-expression
میازاکی / غبلی: Empowerment through empathy and perseverance
رومانیت
ڈزنی / پکسار: Romance is a goal or a lesson
میازاکی / غبلی: Romance is a gentle, secondary layer
نیچر اور روحانیت
ڈزنی / پکسار: Nature supports the journey
میازاکی / غبلی: Nature is the journey