ایکسپلورر کی جگہ متبادل براؤزر کی سہولت

مائیکروسافٹ کے اعلان کے مطابق انٹرنیٹ ایکسپلورر ویب براؤزر استعمال کرنے والے لاکھوں یورپی صارفین کو یکم مارچ سے متبادل براؤز کے استعمال کی سہولت میسر ہوگی۔

یہ فیصلہ دسمبر 2009 میں مائیکروسافٹ اور یورپی مسابقتی کمیشن کے درمیان قانونی معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔

اس معاہدے میں مائیکروسافٹ اس بات پر تیار ہوئی ہے کہ وہ اپنے ونڈورز پی سی استعمال کرنے والے صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کو بطور ڈیفالٹ ویب براؤزر استعمال کرنے کی بجائے ان کی مرضی کا براؤزر انسٹال کرنے کی اجازت دے گی۔

اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد میں سے نصف سے زائد انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کرتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کے اس متبادل براؤزر کی اجازت کے اپ ڈیٹ کا تجربہ برطانیہ، بیلجیئم اور فرانس میں شروع ہو چکا ہے اور ادارے کے نائب صدر ڈیو ہائنر کے بلاگ کے مطابق ونڈوز ایکس پی، وسٹا اور سیون استعمال کرنے والے صارفین کو یہ اپ ڈیٹ خودبخود موصول ہوجائے گی۔

بلاگ کے مطابق اس اپ ڈیٹ میں صارف کو ایک چوائس سکرین دکھائی جائے گی جس کی مدد سے وہ اپنی پسند کا براؤزر چن سکے گا۔ دیگر براؤزر کی فہرست میں گوگل کا کروم، موزیلا کا فائرفوکس، سفاری اور اوپرا نامی براؤزر شامل ہیں۔