فوکوشیما کے معاملے میں پراعتماد بہتری کی طرف قدم بڑھائے جارہے ہیں: آئی اے ای اے چیف

عالمی جوہری توانائی کی ایجنسی کے سربراہ نے پیر کو کہا ہے کہ جاپان کا سونامی سے متاثرہ جوہری پلانٹ نقصان سے آہستہ آہستہ سنبھل رہا ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل یکریا امانو نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ فوکوشیما ڈائچی جوہری پلانٹ کے کارکن پلانٹ سے خارج ہونے والی تابکاری کو اگلے سال کے شروع میں شیڈیول کے مطابق زیرکنٹرول لے آئیں گے۔
11 مارچ کے زلزلے اور سونامی سے پلانٹ کی توانائی اور ٹھنڈائی کے نظام کی تباہی کے بعد امانو کا بروز پیر یہ پہلا دورہ تھا۔ اس حادثے کے وجہ سے پلانٹ کے مرکزی حصے بری طرح پگھل گئے تھے جس کی وجہ سے ماحول میں تابکاری پھیلنا شروع ہوگئی۔

جاپانی حکومت کے اہلکاروں اور جوہری پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ پچھلے چار ماہ میں پلانٹ کسی حد تک مستحکم ہوچکا ہے اور اگلے چھ میں میں اسے حسب منصوبہ کولڈ شٹ ڈاؤن کردیا جائے گا۔

امانو وزیراعظم کان ناؤٹو اور دوسرے اعلی عہدیداران سے بھی مل کر سانحے پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں جاپان میں جوہری سیفٹی کی بہتری اور فوکوشیما میں تابکار آلودگی کو کم کرنے کے معاملوں پر بھی بات ہوگی۔ اس ہفتے کے آخر میں وہ وسطی جاپان میں ماتسوموتو میں، اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جوہری اسلحے سے پاک کرنے کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.