ناگاساکی کے مئیر اپنے امن پیغام میں فوکوشیما حادثے کا ذکر کریں گے

اخبار : ناگاساکی: ناگاساکی کے مئیر تاؤ تومیشیا نے منگل کو امن کے پیغام کے ایک مسودے کی نقاب کشائی کی، جو شہر کا مئیر ہر سال 9 اگست کو شہر پر ہونے والے ایٹمی حملے کی یاد میں ہونے والی تقریب میں پڑھتا ہے۔ اس سال فوکوشیما ڈائچی جوہری توانائی کے پلانٹ کے بحران کی وجہ سے، پہلی مرتبہ یہ پیغام جوہری توانائی پر انحصار کم کرنے پر زور دے گا۔

تاؤ نے کہا کہ انھوں نے اس سال کے پیغام میں فوکوشیما بحران کا ذکر کرنا ضروری خیال کیا، جس میں نہ صرف ساری دنیا کے جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے پر زور دیا جائے گا، بلکہ جاپان کو بھی محفوظ ذرائع توانائی اختیار کرنے کو کہا جائے گا۔

ہر سال اس پیغام کا مسودہ اسکالروں کا ایک گروہ، ایٹمی حملے سے بچ جانیوالے اور شہر کا مئیر مل کر تیار کرتے ہیں۔ تاؤ نے بتایا کہ کمیٹی نے اس بات پر بڑی لمبی چوڑی بحث کی ہے کہ فوکوشیما میں ہونے والے واقعات کو ایٹمی حملے سے متاثرہ ایک شہر کے نقطہ نظر سے کیسے بیان کیا جاسکتا ہے۔

اسی اثناء میں، این ایچ کے نے رپورٹ دی ہے کہ مذکورہ پینل اس بات پر اختلاف کا شکار ہوگیا تھا کہ ایٹمی حملے اور ایٹمی توانائی کو ایک ہی نظر سے دیکھا جائے یا نہیں۔ کچھ شرکاء کا کہنا تھا کہ جوہری توانائی کوبدلنے کی صدا لگانا ناگاساکی کی ذمہ داری ہے، تاہم دوسروں کا یہ کہنا تھا کہ ایٹم بم اور جوہری توانائی سے بجلی بنانے میں فرق ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔

تاؤ کا کہنا ہے کہ پیغام کے حتمی الفاظ کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا چونکہ یہ پیغام پوری دنیا کو جاتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.