ٹیپکو نے زرتلافی کی تفصیلات کا اجرا کر دیا

ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے کمپنی نے فوکوشیما نمبر 1 ایٹمی بجلی گھر کے بحران سے متاثرہ لوگوں کے لیے زرتلافی کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

منگل کو جاری کیے گئے قوانین کے مطابق، ٹیپکو اپنے گھروں سے انخلا پر مجبور ہونے والے رہائشیوں کو نفسیاتی پریشانیوں کی تلافی کے طور پر حکومتی احکامات کے تحت ماہانہ 120,000 ین ادا کرے گی۔

اس میں بےگھر رہائشیوں کی آمدورفت اور رہائش کے اخراجات، اور زراعت، جنگلات اور فشریز کے کاروباروں سے وابستہ افراد اور کمپنیوں کو ادائیگیوں کا حساب لگانے کا طریقہ کار بھی دیا گیا ہے۔

ٹیپکو کو توقع ہے کہ چار سے پانچ لاکھ گھرانے اور کمپنیاں زرتلافی کی حقدار قرار پائیں گی۔ ٹیپکو 12 ستمبر سے درخواستوں کی وصولی شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جبکہ ادائیگیاں اکتوبر کے شروع سے ہونگی۔

یہ قوانین حکومت کی جھگڑا نمٹاؤ کمیٹی برائے ایٹمی بحران بسلسلہ زرتلافی، نے پانچ اگست کو وسط مدتی رہنمائی کے طور پر جاری کیے تھے۔

انفرادی طور پر ٹیپکو ادائیگی کرے گی:

— 5000 ین فی ٹرپ اگر فرد اسی صوبے میں بے گھر ہوا۔

—  8000 ین رہائش کے لیے فی رات۔

— 15000 ین تابکاری کی جانچ کے ٹیسٹ کے لیے۔

— بحران سے پہلے اور اب کی آمدن میں فرق۔

مثال کے طور پر اگر دو والدین اور دو بچوں پر مشتمل چار افراد کے خاندان، جس کی بحران اور نوکری ختم ہونے سے پہلے ماہانہ تنخواہ 270,000 ین تھی، کو اپنے گھر سے اسی صوبے کے کسی اسکول کے جم میں بےگھر ہونے کو کہا گیا، اور پھر وہ کسی عارضی رہائشی یونٹ میں منتقل کر دئیے گئے تو وہ خاندان اگست کے آخر تک ختم ہونے والے عرصے کے لیے 4.51 ملین ین کا حقدار ہو گا۔

کمپنیوں، اسکولوں، ہسپتالوں، اور زراعتی، جنگلاتی، فشریز کے کاروباروں کو ٹیپکو انخلا، شپمنٹ پر پابندیوں اور نقصان دہ افواہوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی مد میں زرتلافی ادا کرے گی۔

زرتلافی 11 مارچ سے لے کر اگست تک کے عرصے کا احاطہ کرتا ہے۔ زرتلافی کی مزید درخواستیں ہر تین ماہ بعد وصول کی جایا کریں گی۔

ٹیپکو لوگوں کو ایک درخواست فارم مہیا کرے گی جنہیں یہ فارم، نقصان کے ثبوت کے طور پر دستاویزات، جیسے انکم ٹیکس ریٹرن سرٹیفیکیٹ یا رسید، لگا کر کمپنی کو واپس کرنے ہوں گے۔ ٹیپکو درخواست گزار کو عارضی طور پر ادا کی جانے والی رقوم منہا کرنے کے بعد ادائیگی کر دے گی۔

ٹیپکو 56000 گھرانوں اور کمپنیوں سے 150,000 افراد کو عارضی ادائیگیوں کی مد میں 112.2 بلین ین ادا کر چکی ہے۔

ادائیگیوں کا انتظام چلانے کے لیے ٹیپکو مشورہ اور عمل کاری کی خدمات مہیا کرنے والے عملے کی تعداد اکتوبر تک 6500 کر دے گی، جو موجودہ تعداد سے پانچ گنا زیادہ ہو گی۔

ایٹمی بحران سے متعلقہ نقصانات کی ادائیگیوں میں سہولت دینے کے لیے ایک حکومتی ادارہ جلد ہی قائم کیا جائے گا جو کمپنی کے زرتلافی کو ڈیلیوری بانڈز کی صورت میں فنڈ فراہم کرے گا۔ اس کے بدلے میں ٹیپکو اپنے سالانہ منافع میں سے ادارے کو ادائیگی کرے گی۔ ٹیپکو سالانہ 200 بلین ین ادا کرنے کی توقع کرتی ہے۔

دریں اثناء، متاثرہ علاقے میں مٹی کو تابکاری سے پاک کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے نا ہی داخلہ بند علاقے میں موجود جائیدادوں پر تابکاری کے اثرات کا اندازہ لگانے کا کوئی طریقہ کار ہے۔

ٹیپکو کے ترجمان نے کہا کہ اس وجہ سے انہیں نہیں معلوم کہ انہیں کتنی ادائیگی کرنا ہوگی یا کمپنی کب ادائیگیاں کرنا ختم کر لے گی۔

1 comment for “ٹیپکو نے زرتلافی کی تفصیلات کا اجرا کر دیا

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.