ٹوکیو: جمعرات کو جاپان میں ایک ملین سے زیادہ لوگوں کو آنے والے ٹائیفون کی وجہ سے گھر چھوڑنے کی تنبیہہ کی گئی ہے چونکہ اس کے ساتھ سخت بارش اور سیلابوں کی توقع ہے جن میں ایک فرد ہلاک اور دو لاپتہ ہو چکے ہیں۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق، ٹائیفون “راک”، جو اپنے مرکز کے قریب 144 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں سموئے ہوئے ہے، بدھ کو جاپان میں نازل ہو کر شمال مشرق، ممکناً تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کی طرف حرکت کر سکتا ہے۔
“اپنی طاقت برقرار رکھتے ہوئے ٹائیفون بدھ کو نازل ہو سکتا ہے،” جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے ایک اہلکار نے ایک ٹیلی وژن نیوز کانفرنس میں کہا۔
“ہم سخت بارش، تیز ہواؤں اور اونچی لہروں کی وجہ سے انتہائی محتاط رہنے کو کہہ رہے ہیں۔”
ناگویا شہر نے ایک وقت پر دریاؤں میں طغیانی کے پیش نظر قریباً 1.09 ملین لوگوں کو گھر چھوڑنے کی ہدایت کر دی تھی۔
یہ ہدایت بعد میں شہر کے کچھ حصوں سے واپس لے لی گئی تھی، تاہم رات ہونے تک دس لاکھ لوگوں کو متاثر کرنے والی لینڈ سلائیڈ، سیلاب اور ٹورنیڈو کی تنبیہات ویسے ہی قائم تھیں۔
جی جی نیوز ایجنسی کے مطابق، ناگویا میں ایک 65 سالہ بوڑھا آدمی بند نالے کو کھولتے ہوئے گر کر ہلاک ہوگیا، جبکہ ہمسایہ گیفو صوبے میں ایک 9 سالہ لڑکا اور ایک 84 سالہ بوڑھے آدمی کے بارے میں خدشہ ہے کہ انہیں اٹھتی سیلابی لہریں بہا لے گئیں۔
ناگویا کے سب وے سسٹم اور انڈر پاسوں میں پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ ٹیلی وژن تصاویر میں پیدل چلنے والوں کو گھٹنوں تک گہرے پانی میں فائر فائٹرز کے پھٹوں کی مدد سے چلتا دکھایا گیا۔
شہر نے امداد، ٹرانسپورٹ اور انجینئرنگ کے نقصانات سے نمٹنے میں معاونت کے لیے سیل ڈیفنس کے جوانوں کی تعیناتی کی درخواست کی۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق، پورے ملک میں 1.32 ملین لوگوں کو گھر چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ پتا نہیں چل سکا کہ کتنے لوگوں نے گھر چھوڑنے کی تنبیہہ پر عمل کیا ہے، جو کہ انخلا کے لازمی حکم سے کم درجہ رکھتی ہے۔
بارش اور بہتا پانی جنوبی اور مغربی علاقوں کے رہائشی علاقوں اور اہم مقامی گلی کوچوں میں گھس آیا۔ سخت بارشوں نے ریل گاڑیاں رکوا دیں اور اہلکاروں کو ہائی وے بند کرنے پر مجبور کر دیا۔
موسمیاتی ایجنسی کے مطابق، 9 بجے صبح تک ٹائیفون شی کوکو کے جنوب میں 330 کلومیٹر دور واقع تھا، اور بدھ کی دوپہر تک ناگویا اور ہونشو کے مرکزی علاقے تک پہنچنے کے راستے پر تھا۔
اس کے بعد طوفان ٹوکیو کے شمال میں آفت زدہ علاقے توہوکو سے متوقع طور پر گزرے گا، جبکہ ممکنہ طور پر اس کے راستے میں متاثرہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر بھی شامل ہے۔
موسمیاتی اہلکار کے مطابق جمعرات کی سہ پہر تک راک کے ہوکائیدو کے انتہائی شمال میں حرکت کر جانے کی توقع ہے۔
“اس کی رفتار بڑھ جائے گی۔ ماضی کے ملتے جلتے واقعات میں ہم نے ہواؤں میں تیزی اور اونچی لہروں میں یکدم اضافہ ہوتے دیکھا ہے۔ شمالی جاپان میں بارش بڑھ جائے گی۔ ہم لوگوں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کریں گے،” انہوں نے کہا۔
شمالی صوبے میازاکی میں طوفان پہلے ہی 24 گھنٹوں کے دوران 400 ملی میٹر بارش برسا چکا ہے۔
ایجنسی نے بدھ کو ملک کے وسیع علاقے پر سخت بارش کی تنبیہہ کی اور کہا کہ ایک گھنٹے میں 50 ملی میٹر تک بارش برس سکتی ہے۔
جاپان اس مہینے کے آغاز میں ٹائیفون ٹالاس کا شکار ہوا تھا جس نے خصوصاً ملک کے مغرب میں قریباً 100 لوگوں کو ہلاک یا لاپتہ کر دیا تھا۔