ٹوکیو: درجنوں مظاہرین نے اتوار کو ٹوکیو میں ریلی نکالی اور جاپانی حکام کو ایٹمی سلامتی کے سلسلے میں اپنی سچائی ثابت کرنے کے لیے ٹوکیو میں ایٹمی بجلی گھر تعمیر کرنے کا چیلنج دیا۔
50 کے قریب ایٹمی توانائی مخالف مظاہرین نے نعرے لگائے کہ: “ٹوکیو میں ایٹمی بجلی گھر تعمیر کر کے دکھاؤ!”۔
“اگر وہ ایٹمی سلامتی کے بارے میں جھوٹ نہیں بول رہے، تو وہ ایٹمی بجلی گھر ٹوکیو میں کیوں نہیں لے آتے؟” منتظم انگیلو ڈی روزا، جو کہ 45 سالہ اطالوی زبان کے استاد ہیں اور ٹوکیو میں رہتے ہیں، نے کہا۔
“اس ریلی میں، میں یہ سوال بھی کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے ایٹمی سلامتی کے بارے میں ٹھیک معلومات بھی فراہم کی ہیں یا نہیں۔”
یہ ریلی ایک ہفتہ پہلے ٹوکیو میں ہونے والے سب سے بڑے ایٹمی توانائی مخالف مظاہرے، جس میں 11 مارچ کی آفت کی وجہ سے پیدا ہونے والے چرنوبل کے بعد بدترین ایٹمی بحران کے بعد ایٹمی توانائی کو ختم کرنے کو کہا گیا تھا، کے ایک ہفتے بعد منعقد ہوئی ہے۔
اتوار کی ریلی کے مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکام، سیاستدانوں اور پروفیسروں کے تبصرے درج تھے، جن کے بارے میں منتظمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایٹمی توانائی کو فروغ دیا۔
مجمعے نے کئی ایک سیاستدانوں اور سائنسدانوں کی نقلیں بھی اتاریں، بشمول فوکوشیما میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر کے جنہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ تابکاری ان لوگوں کو متاثر نہیں کرتی جو مسکراتے ہیں۔
ایٹمی توانائی کے بارے میں وسیع تر عوامی بداعتمادی کی وجہ سے وزیراعظم یوشیکو نودا نے ایٹمی توانائی سے منتقلی کا وعدہ کیا تھا، جو آفت سے پہلے جاپان کی توانائی کی ضرورت کا ایک تہائی پورا کرتی تھی۔