ٹوکیو: فلپائنی صد بینگنو اکینو اتوار کو ٹوکیو پہنچے، جہاں وہ متوقع طور پر وزیراعظم یوشیکو نودا سے ملاقات کے دوران چین کے ساتھ علاقائی تنازعات کا معاملہ اٹھائیں گے۔
ان کے دورے سے پہلے، اکینو کے ترجمان نے ان کے حوالے سے کہا کہ جنوبی چینی سمندر میں فلپائن اور چین کے مابین علاقائی تنازعات اور بڑھتا ہوا تناؤ جاپان کے لیے بھی فکرمندی کا باعث ہونا چاہیے۔
“بالکل امریکہ کی طرح، جاپان بھی (جنوبی چینی سمندر) میں امن و استحکام کے حصول کی دوڑ میں اہم شراکت دار ہے۔ چناچہ یہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کا معاملہ ہے”، ترجمان ہرمینو کولوما نے اے ایف پی کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا تھا۔
نودا، جنہوں نے اس ماہ کے شروع میں اقتدار سنبھالا تھا، کے لیے ٹوکیو اور بیجنگ کے مابین جنوبی چینی سمندر کے متنازع جزائر کے جھگڑوں کا سلسلہ بھی ایک درد سر ہے۔
جاپان کے نیکی اخبار نے اتوار کو اطلاع دی کہ ٹوکیو اور منیلا اپنے بحری سلامتی کے تعلقات کو مزید بڑھائیں گے اور منگل کو ہونے والی نودا اکینو ملاقات کے دوران فوجی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔
جاپان کے چار دن کے دورے کے دوران اکینو کا آفت زدہ شمال مشرقی علاقے، بشمول اشینوماکی جو 11 مارچ کے زلزلے و سونامی سے شدید طور پر متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے، میں جانے کا بھی ارادہ ہے۔