حکومت کو 4 صوبوں میں کروڑوں مکعب میٹر مٹی کو تابکاری سے پاک کرنے کا مسئلہ درپیش

ٹوکیو: وزارت ماحولیات کے ایک تفتیشی کمیشن نے اندازہ لگایا ہے کہ تابکاری زدہ مٹی جسے فوکوشیما اور چار دوسرے صوبوں میں تابکاری سے پاک کیا جانا ہے، کی مقدار 29 ملین مکعب میٹر تک پہنچ سکتی ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ مقدار ٹوکیو ڈوم کو 23 بار بھر سکتی ہے۔

تاہم جامعہ ٹوکیو کے ماحولیاتی انجینئرنگ کے پروفیسر یوچی موریگوچی نے کہا کہ یہ اندازہ محتاط تھا۔ فوجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ تابکاری زدہ مٹی کی مقدار 100 ملین مکعب میٹر کے قریب ہونے کا امکان ہے۔ یہ مقدار یوموری جائنٹس بیس بال ٹیم کے گھر، 55,000 کی گنجائش والے ٹوکیو ڈوم کو 80 بار بھر سکتی ہے۔

حکومت اس وقت تابکاری سے پاک کرنے کے مختلف طریقوں پر گفت و شنید کر رہی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر مٹی کی پانچ سینٹی میٹر موٹی تہہ اکھاڑ دی جائے تو سیزیم کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔ 2500 مربع کلومیٹر تابکاری زدہ علاقہ قریباً فوکوشیما صوبے کے ایک بٹا سات حصے کے برابر ہے۔

مجموعی رقبے کا 60 سے 70 فیصد جنگلاتی علاقہ ہے۔ اگر رہائشی علاقوں سے پرے موجود پہاڑی علاقوں کو اس عمل سے نکال دیا جائے تو اکھاڑی جانے والی مٹی کی مقدار دسیوں ملین مکعب فٹ تک کم ہو سکتی ہے۔ “میرا نہیں خیال کہ تمام (2500 مربع کلومیٹر) کا علاقہ تابکاری سے پاک کرنے کی ضرورت ہے،” فوجی ٹی وی کے مطابق موریگوچی نے کہا۔

مرکزی حکومت اور فوکوشیما کی صوبائی حکومت کے مابین ابھی تک یہ معاملہ طے نہیں پا سکا کہ تابکاری والے ملبے اور فضلے کو کہاں ذخیرہ کیا جائے گا۔

وزیر ماحولیات گوشی ہوسونو، جو ایٹمی بحران کے نگران وزیر بھی ہیں، نے فوکوشیما صوبے میں تابکار فضلے کو ذخیرہ کرنے کے لیے عارضی ذخیرہ گاہ تعمیر کرنے کی وکالت کی ہے، تاہم صوبائی حکومت کے اہلکاروں نے اس کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے منگل کو پھر دوہرایا کہ حکومت حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے فوکوشیما کے اہلکاروں سے مشورہ کرے گی۔

اس ماہ کے شروع میں ہوسونو نے یہ کہہ کر بےچینی پھیلا دی تھی کہ فوکوشیما کا آلودہ ملبہ اور مٹی صوبے سے باہر تلف کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پورے جاپان کو ملبہ تلف کرنے کے لے جگہیں مہیا کر کے فوکوشیما کا بوجھ ہلکا کرنا چاہیے۔

وزارت ماحولیات کا ایک پینل، جس کا پہلا اجلاس 14 ستمبر کو ہوا تھا، نومبر کے آخر تک تابکار مادے ختم کرنے کے معیارات کا خاکہ تیار کرے گا تاکہ جنوری سے ہی مٹی کی منتقلی کا آغاز ہو سکے۔

وزارت ماحولیات کے اہلکار موریگوچی کے اندازوں کو ایک حوالے کے طور پر استعمال کر کے تابکاری سے پاک کرنے کی گنجائش اور اکھاڑی جانے والی مٹی کے حجم کے مختلف حسابات پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.