ایٹمی بحران والے علاقے میں زلزلہ، تاہم پلانٹ مستحکم

ٹوکیو: اہلکاروں کا کہنا ہے کہ 5.5 شدت کا ایک زلزلہ پیر کو فوکوشیما کے علاقے اور صوبہ میاگی کے کچھ حصوں سے ٹکرایا، تاہم مارچ کے بڑے زلزلے و سونامی سے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر مستحکم رہا۔

یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق ساحل سے دور یہ زلزلہ صبح پونے بارہ بجے فوکوشیما سے پرے بحر الکاہل میں 30.2 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق سونامی کی توقع نہیں تھی، جبکہ نقصانات کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے کہا کہ تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر مستحکم رہا۔

ٹیپکو کے ترجمان نے کہا کہ “ہم پلانٹ پر کوئی نئی بے قاعدگی نہیں دیکھ رہے،” جہاں اس سال کے آخر تک پلانٹ کو کولڈ شٹ ڈاؤن تک لانے کے لیے کام جاری ہے۔

کوئی 245 کلومیٹر دور ٹوکیو میں بلند و بالا عمارتیں اس تھرتھراہٹ کی وجہ سے ذرا سا لرز اٹھیں۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.