نودا کی عوامی حمایت کم ہو رہی ہے

ٹوکیو: اتوار کو پورے ملک میں کیے جانے والی ایک نئی رائےشماری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم یوشیکو نودا اور ان کی کابینہ کے لیے عوامی حمایت پچھلے ماہ ان کے عہدہ سنبھالنے سے اب تک 8 پوائنٹ کم ہو چکی ہے۔

کیودو نیوز ایجنسی کی رائے شماری کے مطابق ستمبر کے شروع میں ہونے والے پچھلے سروے کی نسبت اب عوامی حمایت62.8 فیصد سے کم ہو کر 54.6 فیصد پر آ گئی ہے۔ کابینہ کو ناپسند کرنے کی ریٹنگ 10 پوائنٹ چڑھ کر 27.8 فیصد ہو گئی۔

جاپان میں نئے وزرائے اعطم کو شروع میں عموماً زیادہ عوامی حمایت اور ریٹنگ ملتی ہے جو ہنی مون کے عرصے یعنی چند ماہ کے بعد تبدریج کم ہونے لگتی ہے۔ نودا پانچ سالوں میں جاپان کے چھٹے وزیر اعطم ہیں اور انہیں آفت کی بحالی کی کوششوں سے مایوس عوام، معیشت میں مندی اور سیاسی نورا کشتیوں کا سامنا ہے۔

ان کے پیش رو، ناؤتو کان، نے بھی اپنے عہد کا آغاز 60 فیصد سے زیادہ عوامی حمایت کے ساتھ کیا تھا۔ جو ان کے عہدہ چھوڑنے تک 20 فیصد سے بھی کم ہو گیا۔

مالیاتی طور پر قدامت پرست نودا کو شروع سے ہی جھٹکے برداشت کرنے پڑے۔ ان کے وزیر تجارت نے عہدہ سنبھالنے کے آٹھ دن بعد ہی استعفی دے دیا، جس کی وجہ ایٹمی بحران کی وجہ سے بےگھر ہونے والوں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ زبان کا استعمال تھا۔

اس رائے شماری سے یہ بھی پتا چلا کہ جواب دہندگان 11 مارچ کے زلزلے و سونامی سے تباہ شدہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے ٹیکسوں میں ممکنہ اضافے پر تقسیم کا شکار تھے۔ قریباً آدھے لوگوں نے اس منصوبے مخالفت کی، جبکہ 46 فیصد اس کے حق میں تھے۔

حکمران ڈیموکریٹس کی جانب سے پچھلے ہفتے جاری کیے گئے ایک منصوبے کے مطابق، حکومت کارپوریٹ، انکم، رہائشی اور تمباکو ٹیکسوں میں عارضی اضافہ کرکے ایک عشرے کے دوران 11 ٹریلین ین اکٹھے کرے گی۔ اگر جاپان اپنے کچھ اثاثے، جیسے جاپان تمباکو انکارپوریشن میں اس کے اثاثے، بیچ دے تو یہ رقم  کم ہو کر 9.2 ٹریلین ین تک آ سکتی ہے۔

ڈیموکریٹس نے اس رائے شماری میں انتہائی کم عوامی حمایت حاصل کی ہے، جہاں صرف 27.1 فیصد نے نودا کی پارٹی کی سپورٹ کی۔ کیودو کی رائے شماری کے مطابق مرکزی اپوزیشن جماعت قدامت پرست لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے 23.2 فیصد کی حمایت حاصل کی۔

کیودو نے ویک اینڈ کے دوران 1012 اہل ووٹروں سے ٹیلی فون پر سروے کیا۔ اس سائز کی رائے شماری میں غلطی کا امکان عموماً پانچ فیصد پوائنٹس تک ہو سکتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.